گورنر خیبرپختونخوا سے پشتون قبائلی وفد کی ملاقات،صوبے کو درپیش مسائل بارے تبادلہ خیال کیا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے عنایت اللہ محسود کی قیادت میں پشتون قبائلی وفد نے گورنر آفس اسلام آباد میں ملاقات کی جس دوران صوبے کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل بارے تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے عنایت اللہ محسود کی قیادت میں پشتون قبائلی وفد نے گورنر آفس اسلام آباد میں ملاقات کی جس دوران صوبے کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق جرگہ ممبران نے صوبائی مسائل کے حل کے لیے فیصل کریم کنڈی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ پورے صوبے کی مؤثر انداز میں ترجمانی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی تمام اقوام گورنر کے مثبت کردار اور کوششوں کی معترف ہیں جو مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہے ہیں۔وفد نے حالیہ دنوں راولپنڈی میں دو نوجوانوں کے قتل کے افسوسناک واقعے پر گورنر کے مؤثر اور مثبت کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات سے انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہر مسئلے کا پائیدار حل قانون کی بالادستی کو تسلیم کرنے اور باہمی مذاکرات میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پشتون ملک کے مختلف حصوں میں پُرامن طریقے سےکاروبار اور زندگی گزار رہے ہیں لہٰذا انفرادی تنازعات کو اجتماعی یا قومی رنگ دینا مناسب نہیں۔گورنر نے کہا کہ قوموں کی قیادت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاملات کو دانشمندی سے حل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانا،مجرموں کو سزا دینا اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام نہایت ضروری ہے تاکہ معاشرے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے

مزید خبریں