پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے براکہ جوہری توانائی پلانٹ پر ڈرون حملے کی مذمت

پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے براکہ جوہری توانائی پلانٹ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔پیر کو ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان 17 مئی 2026 کو متحدہ عرب امارات کے براکہ جوہری توانائی پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے براکہ جوہری توانائی پلانٹ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔پیر کو ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان 17 مئی 2026 کو متحدہ عرب امارات کے براکہ جوہری توانائی پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے برادر عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے،جوہری تنصیبات کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون بشمول بین الاقوامی انسانی قانون، اقوامِ متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی ( آئی اے ای اے) کے دستور اور قراردادوں میں درج جوہری تحفظ و سلامتی کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جوہری تنصیبات کو کسی بھی صورت نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے، ایسی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں انسانی جانوں، ماحولیات اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لیے ممکنہ طور پر تباہ کن اور ناقابلِ تلافی نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ شہری جوہری بنیادی ڈھانچے کے تقدس اور ناقابلِ تعرض ہونے کا اصول ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی ضابطہ ہے جسے بلا امتیاز ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید کشیدگی کا سبب بنیں اور جن کے اثرات خطے سے کہیں بڑھ کر ہو سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری ہی خطے میں پائیدار امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔

مزید خبریں