راولپنڈی۔18مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور وکلاء نے ملکر جمہوریت کی بحالی اور فروغ کے لئے جدوجہد اور قربانیاں دی ہیں، ایران امریکہ جنگ کے دوران ثالثی کا کردار ادا کرنے کے بعد طاقتور ملکوں میں ہمارا شمار ہوتا ہے، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ہے، بھارت پوری دنیا میں …
ایران امریکہ جنگ کے دوران ثالثی کا کردار ادا کرنے کے بعد طاقتور ملکوں میں ہمارا شمار ہوتا ہے، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ہے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

مزید خبریں
راولپنڈی۔18مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور وکلاء نے ملکر جمہوریت کی بحالی اور فروغ کے لئے جدوجہد اور قربانیاں دی ہیں، ایران امریکہ جنگ کے دوران ثالثی کا کردار ادا کرنے کے بعد طاقتور ملکوں میں ہمارا شمار ہوتا ہے، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ہے، بھارت پوری دنیا میں تنہائی کا شکار ہے، وہ وقت دور نہیں ہے جب کشمیر آزاد ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے زیر اہتمام ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وکلاء کے مسائل کو حل کرنے کے لیے جو کر سکا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی اور عسکری قیادت نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے، بھارت دس گنا بڑا دشمن تھا جس کا غرور پاکستانی افواج نے خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے نعرہ لگایا تھا کہ ہم گھاس کھا لیں گے مگر ایٹم بم ضرور بنائیں گے، ایٹم بم پاکستان کے لیے امن کی ضمانت ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں خود انحصاری کو اپنانا ہوگا، ٹیکسز کے نظام کو بہتر بنانا ہو گا، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے وکلاء کی حمایت سے پاکستان پیپلزپارٹی کے وکلاء نے راولپنڈی بار کی قیادت سنبھالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ کے دوران ثالثی کا کردار ادا کرنے کے بعد طاقتور ملکوں میں ہمارا شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے سرمایہ کار پاکستان آنا چاہتے ہیں، ہمیں ٹیکس نظام کو بہتر کرنا ہے تاکہ سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری لے کر آئیں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی سے ہی ممالک ترقی کرتے ہیں، ہم قانون کی بات کرتے ہیں لیکن اس کا اطلاق اپنی ذات پر ہو تو اس سے نکلنے کے لئے انحراف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دشمن ملک بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، آج پرامن پاکستان کا چہرہ پوری دنیا میں عیاں ہے، وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے ہر دور میں قربانیاں دی ہیں، پی پی قیادت نے قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی نے ہمیشہ پولیٹیکل ورکرز کو عہدوں کی ذمہ داری دی۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وکلاء کا معاشرے میں ذہن سازی کے لئے بہت اہم کردار ہے جس کو انہیں پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر راولپنڈی بار طارق محمود ساجد اعوان نے اس موقع پر کہا کہ آئوٹ سٹیشن سے آنے والے وکلاء کی رہائش کی رہائش کا مسئلہ ہے، وکلاء کے لیے فری رہائش کے ہاسٹل تعمیر کیا جائے گا، اس ہاسٹل کا اسی سال افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنڈی کچہری کہیں نہیں جا رہی، یہ یہیں رہے گی، یہ میری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، کوئی گیٹ بند نہیں ہو گا، ضلع کونسل کا گیٹ ہی صرف نہیں کھلے گا بلکہ وہاں پیدل گزرنے والوں کے لئے پل بنایا جائے گا، وکلاء کو فری یونیفارم مہیا کیا جائے گا۔
ممبر پاکستان بار کونسل سید قلب حسن شاہ، صدر ہائیکورٹ بار راولپنڈی سعید یوسف خان، سردار عصمت اللہ ایڈووکیٹ، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اسرار عباسی اور راجہ حمید ایڈووکیٹ نے مہمانوں کو پنڈی بار میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور پیپلزپارٹی کے بہترین اور متحرک اراکین میں سے ہیں اور اپنی اپنی جماعت سے وابستہ رہے۔ تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب اور وزیراعظم آزاد کشمیر کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔








