خیبرپختونخوا کے بالائی و میدانی علاقوں میں بارشوں کا امکان، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں پیر کی رات سے 23 مئی کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔

پشاور۔ 18 مئی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں پیر کی رات سے 23 مئی کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔ اسی طرح مردان، صوابی، خیبر، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں بھی آندھی اور تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بارشوں کے باعث بالائی اضلاع خصوصاً چترال، دیر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں جاری شدید گرمی کی لہر میں عارضی کمی متوقع ہے تاہم تیز ہواؤں اور بارشوں سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستے فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے آگاہ رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں 1700 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔

مزید خبریں