قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) میں ا یک ہفتہ پر مشتمل’’قراقرم کلائمیٹ سمر سکول (کے-سی ایس ایس)‘‘ کا آغاز ہوگیا
کے آئی یو میں ’’قراقرم کلائمیٹ سمر سکول‘‘ کا آغاز،افتتاحی تقریب سے بین الاقوامی ماحولیاتی ماہر تاکیشی کومینو ودیگر کا خطاب

مزید خبریں
گلگت۔ 03 اگست (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) میں ا یک ہفتہ پر مشتمل’’قراقرم کلائمیٹ سمر سکول (کے-سی ایس ایس)‘‘ کا آغاز ہوگیا۔ یہ سمر سکول کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا (سی ڈبلیو ایس اے) کے تعاون سے ’’لچکدار مستقبل کے لیے اقدام‘‘ (Act for a Resilient Future) کے عنوان کے تحت منعقد کیاگیا ہے۔
سمر سکول کا بنیادی مقصد بالائی قراقرم کے پہاڑی خطے کے نوجوانوں کو موسمیاتی لچک (climate resilience) سے متعلق عملی علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ خطے کے لیے ایک محفوظ اور پائیدار مستقبل کی تشکیل میں فعال کردار ادا کر سکیں۔افتتاحی تقریب میں قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے خصوصی شرکت کی۔ان کے ہمراہ جاپان سے تاکیشی کومینوسمیت دیگر ماہرین نے شرکت کی اور بین الاقوامی سمسر سکول کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے موجودہ دور میں اس عنوان پر اس طرح کے پروگرامات کے انعقاد کو ضروری قرار دیا۔
افتتاحی تقریب سے ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر سجاد حسین،کے آئی یو کی جانب سے فوکل پرسن ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شوکت علی اور سی ڈبلیو ایس اے کی جانب سے دانش بتول نے بھی اظہار خیال کیااور سمر سکول کے انعقاد کے مقاصد پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔واضح رہے کہ سمر سکول میں ماہرین کے لیکچرز، عملی تربیتی سیشنز، فیلڈ وزٹس، نوجوانوں کے مابین باہمی تعاون پر مبنی سرگرمیاں اور موسمیاتی اقدامات سے متعلق دیگر پہلو شامل ہوں گے۔ایک ہفتہ پر مشتمل کے-سی ایس ایس کی نگرانی قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی جانب سے فوکل پرسن ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شوکت علی اور سی ڈبلیو ایس اے کی جانب سے دانش بتول کر رہی ہیں۔








