نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ’’ریجنل انوائز کانفرنس “کا اختتامی اجلاس

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ’’ریجنل انوائز کانفرنس “کا اختتامی اجلاس

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 14 تا 18 مئی 2026 اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ’’ریجنل انوائز کانفرنس “کے اختتامی اجلاس کی صدارت کی۔نائب وزیرِاعظم/وزیرِ خارجہ نے گزشتہ چند روز کے دوران ہونے والی جامع مشاورت اور سامنے آنے والی اہم سفارشات کا جائزہ لیا۔پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اپنے اختتامی کلمات میں اسحاق ڈار نے خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیاسی، اقتصادی اور عوامی روابط سمیت ہر شعبے میں ان اہم شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے اقتصادی تعاون کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لئے پاکستان کے عزم کو بھی دہرایا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خلیجی ممالک اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کے تعمیری اور سہولت کار کردار کو بھی اجاگر کیا اور مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ نے وزارتِ خارجہ، سفارتی مشنز کے سربراہان اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطہ مزید مضبوط رکھا جائے، فعال سفارتی روابط جاری رکھے جائیں اور سفارشات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں