الیکٹرانک آلات کی ڈیجیٹل صفائی سائبر سکیورٹی کی بہتری اور خطرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے،یو اے ای سائبر سکیورٹی کونسل

یو اے ای سائبر سکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ موبائل فونز اور ذاتی ٹیبلٹس سمیت آلات کی باقاعدہ جانچ پڑتال اور ڈیجیٹل صفائی ایک اہم احتیاطی اقدام ہے،

ابوظہبی۔19مئی (اے پی پی):یو اے ای سائبر سکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ موبائل فونز اور ذاتی ٹیبلٹس سمیت آلات کی باقاعدہ جانچ پڑتال اور ڈیجیٹل صفائی ایک اہم احتیاطی اقدام ہے، جو سائبر حملوں اور اس طرح کے دیگر واقعات میں 30 فیصد تک کمی لانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ یہ صارفین کو نقصان دہ سافٹ ویئر اور جدید الیکٹرانک خطرات کے خلاف اضافی تحفظ بھی فراہم کرتا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق کونسل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ضروری فائلوں اور معلومات کے جمع ہونے سے نقصان دہ سافٹ ویئر کو آلات میں داخل ہونے کا موقع ملتا ہے اور صارفین کو سائبر خطرات، جیسے معلومات کے ضیاع، رازداری کی خلاف ورزی اور حساس معلومات تک رسائی کے لیے سکیورٹی خامیوں کے استعمال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ غیر استعمال شدہ فائلوں اور نظر انداز کی گئی ایپلی کیشنز کے جمع ہونے سے آلات کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں رفتار کم ہونا، بار بار خرابیوں کا ظاہر ہونا، غیر معمولی پیغامات موصول ہونا اور ذخیرہ کرنے کی گنجائش بھر جانا جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں، جو اس بات کی اہم علامات ہیں کہ آلے کو باقاعدہ صفائی اور جانچ کی ضرورت ہے۔کونسل نےکہا کہ سادہ ڈیجیٹل صفائی کے معمولات اپنانے سے سائبر سکیورٹی کے معیار میں براہ راست بہتری آتی ہے۔

اس معمول میں قابل اعتماد سکیورٹی سافٹ ویئر کے ذریعے آلات کی جانچ، نقصان دہ سافٹ ویئر کی نشاندہی، غیر ضروری فائلوں اور ایپلی کیشنز کو حذف کرنا اور آپریٹنگ سسٹمز و ایپلی کیشنز کو مسلسل اپ ڈیٹ رکھنا شامل ہے تاکہ خامیوں کو دور کر کے کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔کونسل نے خبردار کیا کہ ان احتیاطی اقدامات کو نظر انداز کرنے سے دھوکے بازوں اور سائبر حملہ آوروں کو سکیورٹی خامیوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل جاتا ہے۔ کونسل کے مطابق ڈیجیٹل خطرات سے تحفظ کا آغاز صارفین کی جانب سے اختیار کی جانے والی سادہ روزمرہ عادات سے ہوتا ہے، جو محفوظ سائبر رویے کا بنیادی حصہ ہیں۔

مزید خبریں