سعودی عرب کی انجینئرنگ اینڈ سائنس میں عالمی سطح پر مسلسل تیسرے سال دوسری پوزیشن

سعودی عرب نے امریکا میں منعقد ہونے والی سائنس اینڈ انجینئرنگ کی ایک بین الاقوامی نمائش میں مسلسل تیسرے سال عالمی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔العربیہ اردو کے مطابق سعودی طلبہ نے ریجینیرون انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینئرنگ فیئر آئیسف 2026 میں بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا

ریاض۔19مئی (اے پی پی):سعودی عرب نے امریکا میں منعقد ہونے والی سائنس اینڈ انجینئرنگ کی ایک بین الاقوامی نمائش میں مسلسل تیسرے سال عالمی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔العربیہ اردو کے مطابق سعودی طلبہ نے ریجینیرون انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینئرنگ فیئر آئیسف 2026 میں بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔سعودی نیشنل ٹیم برائے سائنس اینڈ انجیئنرنگ کے طلبہ نے نمائش کے متعدد سائنسی شعبوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔ سعودی طلبہ نے 12 بڑے انعامات جیت لیےجن میں پہلے نمبر کا ایک انعام، دوسرے نمبر کے 4 انعامات، تیسرے نمبر کے 5 انعامات اور چوتھے نمبر کے 2 انعامات شامل تھے۔ اس کے علاوہ سعودی طلبہ نے 12 خصوصی انعامات بھی جیت لیے۔ سعودی عرب بڑے انعامات کی تعداد کے لحاظ سے عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر رہا اور اس نے مقابلوں میں حصہ لینے والے بڑے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ کامیابی اس ایڈیشن کے دوران حاصل ہوئی جو رواں ماہ کی 9 سے 15 تاریخ تک امریکی ریاست ایریزونا کے شہر فینکس میں منعقد ہوا تھا۔ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اس فیئر میں دنیا بھر کے تقریباً 70 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 1700 سے زائد طلبہ اور طالبات نے شرکت کی۔سعودی عرب 2007 سے سالانہ بنیادوں پر آئیسف میں شرکت کر رہا ہے جس کی نمائندگی کنگ عبدالعزیز اینڈ ہز کمپینینز فاؤنڈیشن فار گفٹڈ نیس اینڈ کریٹیویٹی ’’موہبہ‘‘ اور وزارت تعلیم کرتی ہے، رواں سال کے ایڈیشن کے انعامات کے ساتھ اس کا کل بیلنس بڑھ کر 209 انعامات ہو گیا ہے، ان میں 136 بڑے انعامات اور 73 خصوصی انعامات شامل ہیں۔سعودی نیشنل ٹیم برائے سائنس اینڈ انجیئنرنگ 40 طلبہ اور طالبات پر مشتمل ہے، اس کے علاوہ دو نگران طلبہ بھی ہیں جن میں سے 23 طلبہ اور طالبات فینکس کے اس میلے میں ذاتی طور پر شرکت کر رہے ہیں۔ 17 طلبہ اور طالبات ریاض شہر سے آن لائن مقابلہ کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ طلبہ کو ایک قومی مقابلے کے بعد مملکت کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا گیا تھا جس میں 357 ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا تھا۔ ان طلبہ نے نیشنل اولمپیاڈ فار سائنٹیفک کریٹیویٹی ’’ابداع 2026‘‘ کے مقابلوں کے ضمن میں 22 شعبوں میں 34 ہزار سے زیادہ سائنسی پراجیکٹس پیش کیے تھے۔ آئیسف نمائش یونیورسٹی سے پہلے کے مرحلے کے طلبہ کے لیے تحقیقی اور اختراعی پراجیکٹس کا سب سے بڑا عالمی پلیٹ فارم ہے جس میں دنیا بھر کے تقریباً 70 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 1700 سے زائد طلبہ شریک ہوتے ہیں۔