امریکی سفارتخانہ اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سلسلہ میں تقریب، وفاقی وزیر ریلوے، وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین اور امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکرکی شرکت

امریکی سفارتخانہ اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سلسلہ میں تقریب، وفاقی وزیر ریلوے، وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین اور امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکرکی شرکت

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):پاکستان میں امریکی سفارتخانہ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سلسلہ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں، اسلام آباد میں متعین غیر ملکی سفیروں، پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے دیگر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ منگل کو یہاں سفارتخانہ میں منعقد ہونے والی تقریب دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کی سفارتکاری اور فٹ بال تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

تقریب سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر، وفاقی وزیر ریلوے اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر نے خطاب کیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان فٹ بال کے فروغ اور نوجوانوں کی شمولیت پر زور دیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہورہا ہے جو تاریخ کا سب سے بڑا فٹ بال ٹورنامنٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے ذریعے نہ صرف کھیل کو فروغ دیا جائے گا بلکہ ثقافتی تبادلے اور بین الاقوامی روابط کو بھی مستحکم کیا جائے گا۔

پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اپنے خطاب میں فٹ بال کو ایک عالمی سطح کا کھیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے حوالہ سے امریکی سفارتخانہ میں ہونے والی تقریب پاکستان میں پہلا لانچ ایونٹ ہے۔ ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے امسال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کو امریکہ کی خوبصورتی اور عظمت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک نادر موقع قرار دیا ہے اور ہم دنیا بھر سے آنے والے شائقین کا امریکہ میں خیرمقدم کرنے کےلئے بے چینی سے منتظر ہیں خاص طور سے ایسے موقع پر جب امریکہ 4جولائی کو اپنے قیام کی اڑھائی سو سالہ سالگرہ بھی منارہا ہے۔

ناظم الامور بیکر نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 دراصل امریکی کھیلوں کی دہائی کی ابتداءہے کیونکہ اب سے لے کر 2034 تک امریکہ 2028 کے لاس اینجلس سمر اولمپکس اور پیرا اولمپکس سمیت کھیلوں کے کم از کم 10 بڑے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بین الاقوامی مقابلے مضبوط معیشت اور گہرے ثقافتی روابط کی ایسی میراث چھوڑیں گے جس سے ہم سب مستفید ہوں گے اور ہم اپنے ان تجربات میں پاکستان میں اپنے دوستوں اور اشتراک کاروں کو بھی شریک کریں گے۔انہوں نے فٹ بال کے عالمی کپ کو خصوصی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا سپورٹس ڈپلومیسی پر یقین رکھتا ہے، ہم امریکا میں فٹ بال کے شائقین کا خیر مقدم کرنے کے منتظر ہیں۔ اپنے حالیہ دورہ سیالکوٹ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں عالمی معیار کے فٹ بال بنائے جاتے ہیں۔

امریکی ناظم الامور نے کہا کہ وہ فٹ بال بنانے والی فیکٹریوں اور سیالکوٹ کے دورہ سے بہت متاثر ہوئیں۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اپنے خطاب میں تقریب کے انعقاد پر امریکی سفارتخانہ اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا مقصد عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہر قوم کا مستقبل ہیں اور کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مواقع ملتے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ کھیل سرحدوں سے آر پار اور مختلف ثقافتوں سے وابستہ لوگوں کو ملانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، سیالکوٹ میں عالمی میعار کا فٹبال تیار کیا جاتا ہے جو دنیا کے مختلف ملکوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیفا کا 2026 کا ورلڈ کپ تاریخی ہوگا کیونکہ اس کا انعقاد امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر ہورہا ہے۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے فٹ بال سمیت کھیلوں کی ہمیشہ سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر نے عالمی فٹ بال سرگرمیوں میں پاکستان کے فعال کردار کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ فٹ بال ورلڈ کپ ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت تشخص اجاگر کیا جاسکتا ہے۔ پی ایف ایف کے صدر سیّد محسن گیلانی نے فیفا ورلڈ کپ کی اس رسمی افتتاحی تقریب کا اہتمام امریکی سفارتخانے کے اشتراک سے کرنے کو باعث مسرّت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے منتخب نہیں ہو سکی تاہم شمالی امریکہ میں پہلی بار منعقد ہونے والے اڑتالیس ٹیموں پر مشتمل فٹبال ورلڈ کپ کے حوالے سے ملک بھر میں جوش و خروش کی ایک لہر پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا فٹ بال میلہ شروع ہوتے ہی پاکستان بھر میں اس کے ہر لمحے کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی دنیا بھر کے محبوب ترین کھیل کی میزبانی کرتے ہوئے امریکہ خود کو ایک بہترین میزبان ثابت کرے گا۔ تقریب کے دوران شرکاءکو بتایا گیا کہ حالیہ عرصے میں امریکی سفارتخانہ اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوا ہے جس کے تحت یوتھ ڈویلپمنٹ، ویمنز فٹ بال اور گراس روٹ پروگرامز کئے گئے ہیں، ان کا مقصد پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانا ہے۔

تقریب کے شرکاءاور مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ 2026 ورلڈ کپ سے متعلق سرگرمیاں پاکستان میں فٹ بال کے کھیل کو مزید مقبول بنائیں گی اور بین الاقوامی سطح پر نئے مواقع پیدا کریں گی۔ امریکی سفارتخانہ اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن پی ایف ایف کے اشتراک سے امریکی سفارتخانے میں ایک خصوصی افتتاحی تقریب میں بین الاقوامی سپورٹس مقابلے کے ذریعہ سے قائم ہونے والے ثقافتی اور معاشی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

قبل ازیں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر اور پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِریلویز حنیف عباسی، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں، مقامی فٹ بال ساز کمپنی ، کوکا کولا اور میکڈونلڈز اور کھیلوں اور سفارتی نمائندوں کو تقریب میں خوش آمدید کہا۔ سفارتخانہ میں منعقدہ اس رنگارنگ تقریب کی نمایاں خصوصیت سیالکوٹ کی ایک مقامی کمپنی میں تیار کردہ بڑے حجم کی علامتی فٹبال کی رونمائی بھی شامل تھی۔ تقریب کا اختتام کوکا کولا کی جانب سے پاکستان کی دو بین الاقوامی خواتین فٹبالرز کی کارکردگی کے اعتراف پر کیا گیا اور بعد ازاں تمام مہمانوں کو پنلٹی کک چیلنج کے لئے میدان میں بلایا گیا۔