چین نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ باہمی تعاون مسلسل مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، دونوں مما لک کو تعاون میں مزید عملی نتائج حاصل کرنے چاہئیں۔
روس کے ساتھ تعاون مسلسل مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، چین

مزید خبریں
بیجنگ۔20مئی (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ باہمی تعاون مسلسل مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، دونوں مما لک کو تعاون میں مزید عملی نتائج حاصل کرنے چاہئیں۔سی جی ٹی این کے مطابق یہ بات چین کے نا ئب وزیر اعظم ڈینگ شوئی شیانگ نے بیجنگ میں روس کے اول نائب وزیر اعظم مینتوروف سے ملاقات کے دوران کہی۔ ڈینگ شوئی شیانگ نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کی سٹریٹجک قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون مسلسل مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال چین روس سٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 30 ویں سالگرہ اور "چین۔روس ہمسائیگی، دوستی اور تعاون کے معاہدے” پر دستخط کی 25 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں سربراہانِ مملکت کے اہم اتفاقِ رائے پر مزید مؤثر عملدرآمد کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ چین روس سرمایہ کاری تعاون کمیٹی کے مربوط کردار کو بھرپور انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے اہم منصوبوں کو مستحکم انداز میں آگے بڑھانا چاہیے، تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے چاہئیں اور مزید عملی نتائج حاصل کرنے چاہئیں۔ روس کے اول نائب وزیر اعظم مینتوروف نے کہا کہ ان کا ملک چین کے ساتھ سٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط بنانے، تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے، فریقین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کرنے اور دوطرفہ سرمایہ کاری تعاون کی سطح کو مسلسل بلند کرنے کا خواہاں ہے۔








