سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ رواں سال حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے۔
حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے،سعودی مرکز موسمیات

مزید خبریں
مکہ مکرمہ۔20مئی (اے پی پی):سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ رواں سال حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے۔اردو نیوز کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کے سی ای او ڈاکٹر ایمن غلام نے ایک بیان میں کہی۔ ڈاکٹر ایمن غلام نےایام حج میں موسمی حالات کے حوالے سے بتایاکہ یوم الترویہ (8 ذی الحجہ) تک گرمی عروج پر ہوگی جبکہ سطحی ہوا کے ساتھ گرد وغبار رہنے کی توقع ہے، حج ایام میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 28 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 10 فیصد سے 40 فیصد تک ہوگا۔
سی ای او کا کہنا تھاکہ یوم عرفہ سے 13 ذو الحجہ تک موسم گرم رہنے کی توقع ہے جبکہ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا اور دن کے وقت گرد آلود ہوا چلنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 ذی الحجہ سے 13 ذی الحجہ تک درجہ حرارت میں معمولی کمی کی توقع ہے، اس دوران درجہ حرارت 42 سے 44 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 26 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوگا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 15 سے 55 فیصد تک رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حج ایام کے دوران ہوا کا رخ شمال سے مغرب کی جانب ہوگا جس کی رفتار 20 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے، اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ طائف کمشنری کے پہاڑی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے سے اس کے اثرات مشاعر مقدسہ تک پھیل جائیں۔








