راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ پانچویں سالانہ بین الجامعاتی مقابلے “رائزنگ پاکستان 5.0” میں ہائی ٹیک یونیورسٹی ٹیکسلا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیسٹ یونیورسٹی ایوارڈ اور بیسٹ ایمبیسیڈر ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
ہائی ٹیک یونیورسٹی ٹیکسلا نے پانچویں سالانہ بین الجامعاتی مقابلے میں بیسٹ یونیورسٹی اور بیسٹ ایمبیسیڈر ایوارڈ جیت لیا

مزید خبریں
راولپنڈی۔20مئی (اے پی پی):راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ پانچویں سالانہ بین الجامعاتی مقابلے “رائزنگ پاکستان 5.0” میں ہائی ٹیک یونیورسٹی ٹیکسلا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیسٹ یونیورسٹی ایوارڈ اور بیسٹ ایمبیسیڈر ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ ملک بھر کی 24 جامعات سے تقریباً 500 طلبہ و طالبات نے 25 مختلف مقابلہ جات میں بھرپور شرکت کی جن میں علمی، ادبی، تخلیقی اور تکنیکی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔مقابلوں میں بیت بازی، نعت خوانی، اردو و انگریزی تقاریر، اوپن مائیک، مضمون نویسی، لوگو ڈیزائننگ، کوڈ وار، سکیچنگ اور ماحولیاتی آگاہی سے متعلق سرگرمیاں شامل تھیں۔
تقریب میں ایئر یونیورسٹی، کامسیٹس یونیورسٹی، قائداعظم یونیورسٹی، نمل یونیورسٹی، یو ای ٹی ٹیکسلا، اقراء یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور، گومل یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی مردان اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر اپنے پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کہا کہ تعلیم کا مقصد محض ڈگری کا حصول نہیں بلکہ باشعور، باصلاحیت اور ذمہ دار شہری تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف جامعات کے طلبہ جب ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوتے ہیں تو وہ ایک دوسرے کے تجربات اور خیالات سے سیکھنے کا موقع پاتے ہیں جبکہ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت سازی، تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور قائدانہ اوصاف کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔شعبہ سائیکالوجی کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر ثوبیہ مسعود نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ میں اعتماد، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دیتی ہیں۔ تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز خدیجہ سعید نے شرکاء، مہمانوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔








