وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری کا بحریہ یونیورسٹی کے لئے 20 انٹرن شپ کا اعلان

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ کے لئے 20 انٹرن شپس کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے یونیورسٹی میں منعقدہ میڈیا فیسٹ سپرنگ 2026 کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ میڈیا کوئی عام پیشہ نہیں بلکہ قوم کی امانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو …

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ کے لئے 20 انٹرن شپس کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے یونیورسٹی میں منعقدہ میڈیا فیسٹ سپرنگ 2026 کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ میڈیا کوئی عام پیشہ نہیں بلکہ قوم کی امانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو قوم سچ کو اپنا ہتھیار بناتی ہے تاریخ بھی وہی لکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جھوٹی اطلاعات اور منفی بیانیوں کا سیلاب ہے، ایسے حالات میں ذمہ دار اور باضمیر صحافت کسی انقلاب سے کم نہیں، ایک سچی اور دیانتدار خبر پوری قوم کی سوچ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے نوجوانوں کو عملی میدان میں آگے لانے کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحریہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل کئی نوجوان آج بڑے ٹی وی چینلز اور سرکاری میڈیا اداروں میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور آج کے یہی طلبہ کل کے صحافی، پروڈیوسر اور میڈیا لیڈر بنیں گے جو دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی اور مثبت تشخص اجاگر کریں گے۔

طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریٹنگ کی بجائے اپنے کام کے اثرات کو اہمیت دیں، وائرل ہونا کامیابی نہیں بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا اصل مقصد ہے۔ انہوں نے معرکہ حق میں افواج پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز نے بھی ذمہ دارانہ انداز میں قومی بیانیے کو مضبوط کیا جس سے واضح ہے کہ پاکستانی میڈیا مثبت انداز میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹیلی وژن طلبہ کے لئے مختلف انٹرن شپ پروگرامز چلا رہا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ ان پروگرامز کی تعداد بڑھا کر 20 تک کی جائے تاکہ نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم کئے جا سکیں۔

 

مزید خبریں