وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں، پاکستان کوسٹ گارڈز نے ایک سال میں 1.14 ارب ڈالر مالیت کی منشیات پکڑی۔
منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں، طلال چوہدری

مزید خبریں
کراچی۔20مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں، پاکستان کوسٹ گارڈز نے ایک سال میں 1.14 ارب ڈالر مالیت کی منشیات پکڑی۔بدھ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی 46 ویں ریکروٹ بیچ کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل جواد ریاض ہلال امتیاز (ملٹری)نے وزیر مملکت برائے داخلہ کا استقبال کیا۔ طلال چوہدری نے پاس آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ملک کی اہم اور باوقار فورس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی ایران امریکہ مذاکرات کی مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز وزیر داخلہ محسن نقوی کے دل کے قریب فورس ہے، منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ 3.8 بلین روپے کی غیر قانونی اشیاء ضبط، 4.94 بلین روپے قومی خزانے میں جمع کرائی گئیں، جیوانی کے ساحل سے 1100 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار کئے گئے۔
نمایاں کارکردگی پر ریکروٹس میں اعزازات تقسیم کئے گئے، فرہاد انور اور محمد محسن خان کو مجموعی کارکردگی اور لیڈی ریکروٹ عروج بی بی کو نمایاں کارکردگی پر خصوصی میڈل سے نوازا گیا۔پاس آؤٹ ریکروٹس نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔








