این ڈی ایم اے کا ملک کے مختلف علاقوں کے لئے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔ بدھ کواین ڈی ایم اے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں سمیت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان …

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔ بدھ کواین ڈی ایم اے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں سمیت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک،چکوا ل،جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد،سیالکوٹ اورمنڈی بہاؤالدین میں بارش متوقع ہے۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات،کالام،منگورہ،مالاکنڈ، بٹگرام،مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اورڈیرہ اسماعیل خان میں بارش متوقع ہے۔بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب،زیارت،قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ،چمن، پشین اورسبی بارش کا امکان ہے ۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، نگر، غزر، دیامر،گلگت،گھانچے، استور، خرمنگ، شگر، مظفرآباد، باغ،راولاکوٹ، حویلی،پونچھ اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے ۔بارش کے ساتھ مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں ۔بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکارہیں اورٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں،تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں،کمزور تعمیرات اورتنصیبات سے دور رہیں ،سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں،عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ”سے بروقت معلومات حاصل کریں،این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

 

مزید خبریں