فیفاورلڈ کپ سے قبل برازیل کو بڑا جھٹکا، نیمار ایک بار پھر انجری کا شکار

برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار ایک بار پھر انجری کا شکار ہوگئے ہیں، جس کے باعث فیفا ورلڈ کپ2026 سے قبل ان کی فٹنس پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔سانتوس کلب کے حکام نے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انجری زیادہ سنگین نوعیت کی نہیں ہے

ریو ڈی جنیرو۔21مئی (اے پی پی):برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار ایک بار پھر انجری کا شکار ہوگئے ہیں، جس کے باعث فیفا ورلڈ کپ2026 سے قبل ان کی فٹنس پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔سانتوس کلب کے حکام نے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انجری زیادہ سنگین نوعیت کی نہیں ہے۔شنہوا کے مطابق34 سالہ نیمار پنڈلی میں تکلیف کے باعث بدھ کو سین لورینزو کے خلاف اپنی ٹیم کا اہم میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ ٹیم ڈاکٹر روڈریگو زوگائب کے مطابق نیمار 27 مئی کو برازیل کے تربیتی کیمپ میں مکمل یا قریب مکمل فٹ حالت میں شامل ہوجائیں گےجبکہ امکان ہے کہ وہ آئندہ ہفتے دیپورتیوو کوئنکا کے خلاف بھی میدان میں اتریں۔برازیل کے لیے 128 بین الاقوامی میچوں میں 79 گول کرنے والے نیمار اکتوبر 2023 میں یوروگوئے کے خلاف میچ کے دوران گھٹنے کی شدید انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کے بعد سے وہ مسلسل فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔برازیل کے کوچ کارلو اینچیلوٹی نے کہا ہے کہ نیمار کی قومی ٹیم میں شمولیت صرف حالیہ کارکردگی نہیں بلکہ ان کے تجربے اور ٹیم میں مثبت اثر کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔فیفا ورلڈ کپ2026، 11 جون سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں شروع ہوگاجبکہ برازیل اپنا پہلا میچ 13 جون کو مراکش کے خلاف نیو جرسی میں کھیلے گا۔