انگلش فٹبال کلب آسٹن ولا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فری برگ کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر یوروپا لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
30 سالہ انتظار ختم، آسٹن ولا نے استنبول میں یوروپا لیگ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی

مزید خبریں
استنبول۔21مئی (اے پی پی):انگلش فٹبال کلب آسٹن ولا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فری برگ کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر یوروپا لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ای ایس پی این کے مطابق ترکیہ شہر استنبول میں کھیلے گئے فائنل میں کوچ اونائی ایمری کی ٹیم نے ابتدا ہی سے کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی۔ آسٹن ولا کی جانب سے یوری ٹیلیمنس اور ایمی بوئندیا نے خوبصورت گول سکور کرکے ٹیم کو برتری دلائی جبکہ مورگن راجرز نے تیسرا گول کرکے فتح یقینی بنادی۔ کامیابی کے بعد کپتان جان میگن نے ٹرافی اٹھائی تو سٹیڈیم میں موجود ہزاروں مداح خوشی سے جھوم اٹھے۔اونائی ایمری نے اپنی کوچنگ میں پانچواں یوروپا لیگ ٹائٹل جیت کر ایک اور اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی محنت، کلب مالکان کی حمایت اور مداحوں کے اعتماد نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔آسٹن ولا نے آخری مرتبہ 1996 میں بڑا ٹائٹل جیتا تھا جبکہ اب 30 سال بعد یورپی سطح پر یہ تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ ٹیم کی فتح پر انگلینڈ کے شہزادہ ولیم سمیت سابق کھلاڑیوں اور شائقین نے بھرپور جشن منایا۔کامیابی کے بعد آسٹن ولا آئندہ سیزن میں چیمپئنز لیگ میں بھی شرکت کرے گا جبکہ برمنگھم میں ٹیم کے اعزاز میں خصوصی فتح پریڈ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔








