لندن سمٹ میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی، قیصر احمد شیخ کو عالمی سطح پر خراجِ تحسین

بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کو کامن ویلتھ ویلتھ اینڈ انویسٹمنٹ کونسل (سی ڈبلیو ای آئی سی) کے چیئرمین کی جانب سے تعریفی خط موصول ہوا ہے، جس میں لندن سمٹ میں ان کی مؤثر شرکت اور پاکستان کی مثبت نمائندگی کو سراہا گیا ہے

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کو کامن ویلتھ ویلتھ اینڈ انویسٹمنٹ کونسل (سی ڈبلیو ای آئی سی) کے چیئرمین کی جانب سے تعریفی خط موصول ہوا ہے، جس میں لندن سمٹ میں ان کی مؤثر شرکت اور پاکستان کی مثبت نمائندگی کو سراہا گیا ہے۔سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سی ڈبلیو ای آئی سی نے حکومتِ پاکستان کو اسٹریٹجک پارٹنر بننے کی باضابطہ دعوت دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کامن ویلتھ ممالک کی سطح پر تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ خط میں پاکستان میں سی ڈبلیو ای آئی سی حب آفس قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی، جبکہ پاکستان میں کامن ویلتھ انویسٹمنٹ سمٹ کے انعقاد کی پیشکش بھی سامنے آئی ہے۔تعریفی خط میں پاکستان کی معیشت، سرمایہ کاری کے مواقع اور مختلف کلیدی شعبہ جات کو عالمی سطح پر سراہتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان خطے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مرکز بن کر ابھر رہا ہے۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ماحول میں بہتری اور عالمی شراکت داریوں کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاری، برآمدات اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔