آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین سے ملاقات، ترجمان

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے پولیس ملازمین، ریٹائرڈ اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں

لاہور۔21مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے پولیس ملازمین، ریٹائرڈ اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے مرحوم اے ایس آئی مختار احمد کی اہلیہ کی قانونی کارروائی سے متعلق درخواست پر ڈی پی او خوشاب کو فوری اور ضروری اقدامات کی ہدایت کی، ڈرائیور کانسٹیبل تنویر حیات کی ٹرانسفر سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی آر ایم پی کو مناسب ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ سابقہ کانسٹیبل محمد راحیل کی سروس بحالی کی درخواست ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ضروری کارروائی کے لیے بھجوا دی گئی جبکہ ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد شفیع کی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی، مرحوم کانسٹیبل محمد افضال کی بیوہ کی درخواست بھی ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو کارروائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے ملاقات کے دوران ڈسپلن، انتظامی امور، ترقیوں، فلاح و بہبود اور دیگر سروس معاملات سے متعلق موصول ہونے والی متعدد درخواستوں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے جائز مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔