وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی قیادت میں ریلوے میں مالی نظم و ضبط کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریلوے ملازمین کی سالہا سال سے زیرِ التوا ادائیگیوں کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے
پاکستان ریلوے نے مالی نظم و ضبط کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا

مزید خبریں
لاہور۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی قیادت میں ریلوے میں مالی نظم و ضبط کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریلوے ملازمین کی سالہا سال سے زیرِ التوا ادائیگیوں کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے جس سے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ترجمان کے مطابق کلاس فور ملازمین کے گزشتہ8 برس سے واجب الادا ٹریولنگ الائونس کی ادائیگی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے7 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ادائیگیوں کے آغاز پر مختلف ریلوے دفاتر میں ملازمین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ ترجمان کے مطابق ادارے نے مالی ذمہ داریوں کی بروقت ادائیگی کے سلسلے میں ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے ریلوے کنٹریکٹرز کو بھی 29 کروڑ روپے کی ادائیگی کر دی ہے جبکہ ملازمین کی تنخواہوں کے چیک مقررہ وقت سے پہلے ہی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بروقت ادائیگیاں اور مالی استحکام کسی بھی ادارے میں بہتر نظم و نسق کی واضح علامت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کو مالی طور پر مستحکم اور خود کفیل ادارہ بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر تیزی سے عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی اصلاحات کے ذریعے ادارے کو مستحکم بنانے کے مشن پر گامزن ہیں اور ان اقدامات سے نہ صرف ریلوے ملازمین کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ آپریشنل نظام میں بہتری اور شفافیت کو بھی فروغ ملے گا۔








