پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز 2026 پریکٹس سیشن ، دوسرے روز بھی سخت سکیورٹی اور مؤثر ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا، راولپنڈی پولیس

پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز 2026 پریکٹس سیشن ، دوسرے روز بھی سخت سکیورٹی اور مؤثر ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا، راولپنڈی پولیس

راولپنڈی۔24مئی (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ سیریز 2026 کے سلسلے میں راولپنڈی سٹیڈیم میں جاری پانچ روزہ پریکٹس سیشن کے دوسرے روز سخت سکیورٹی اور مؤثر ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا۔ ترجمان پولیس کے مطابق پریکٹس سیشنز کے دوران 3500 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 300 سے زائد ٹریفک افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہ کر ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو چیک اور بریف کر رہے ہیں۔

سٹیڈیم اور اس کے اطراف سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جس کے لیے علیحدہ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اہم اور عوامی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ بس اڈوں، ہوٹلوں اور دیگر حساس مقامات کی خصوصی نگرانی جاری ہے۔

تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن سکواڈ سٹیڈیم کے اطراف مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے مؤثر ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے اور کرکٹ سیریز کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

مزید خبریں