سعودی وزارتِ صحت نے بیت اللہ شریف آنے والے حجاج کرام کو ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لیے چھتریوں کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق وزارت نے حجاج کرام پر زور دیا ہے کہ وہ چھتری کے بہترین استعمال سے متعلق گائیڈ بک کا مطالعہ کریں۔
سعودی عرب،حجاج کرام کو ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لیے چھتریوں کے استعمال کی ہدایت

مزید خبریں
ریاض۔25مئی (اے پی پی):سعودی وزارتِ صحت نے بیت اللہ شریف آنے والے حجاج کرام کو ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لیے چھتریوں کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق وزارت نے حجاج کرام پر زور دیا ہے کہ وہ چھتری کے بہترین استعمال سے متعلق گائیڈ بک کا مطالعہ کریں۔ وزارت نے دھوپ کے براہ راست سامنا کرنے سے وابستہ صحت کے خطرات کو کم کرنے خاص طور پر مقدس مقامات کے درمیان نقل و حرکت کے دوران حفاظتی اقدامات کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ سعودی وزارت صحت نے تاکید کی ہے کہ چھتری کا استعمال موثر حفاظتی وسائل میں سے ایک ہے جو حجاج کرام کی سلامتی کو بڑھانے اور انہیں حج سیزن کے دوران صحت مند اور محفوظ طریقے سے مناسک ادا کرنے کے قابل بنانے میں مدد دیتا ہے۔
گائیڈ بک میں واضح کیا گیا ہے کہ چھتری ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی (ڈی ہائیڈریشن) کے امکانات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے تحفظ فراہم کرنے میں بھی کردار ادا کرتی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ چھتری کا استعمال حاجی کے ارد گرد کے درجہ حرارت کو تقریباً 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے جس سے مقدس مقامات میں نقل و حرکت کے دوران آرام کا احساس بڑھتا ہے۔ وزارتِ صحت نے چھتری کے استعمال اور اس کی حفاظت سے متعلق حفاظتی ہدایات پر عمل درآمد کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ان ہدایات میں سب سے نمایاں چھتری کو کلائی کے بینڈ سے باندھنا اور استعمال نہ ہونے کی صورت میں اسے مناسب طریقے سے تہہ کر کے رکھنا ہے۔ وزارت صحت نے مناسک ادا کرنے کے بعد اسے ضائع نہ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ پورے حج کے دوران اس سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ یہ سفارشات ان صحت کی آگاہی کی خدمات کا حصہ ہیں جو ہیلتھ سسٹم حج سیزن کے دوران فراہم کرتا ہے اور اس کا مقصد حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اور مناسک ادا کرنے کے دوران ضیوف الرحمن کی صحت اور سلامتی کا تحفظ کرنا ہے۔








