لاہور۔25مئی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر ایکسپو سینٹر لاہور میں پنجاب پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے وزیر اعلی پنجاب کی نمائندگی کی جبکہ چینی سفارت خانے کی جانب سے قونصل جنرل سن یان نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دیگر شرکا میں پنجاب …
”پاکستان اور چین کا تعلق محض سفارتی نہیں بلکہ اعتماد، قربانی اور مشترکہ ترقی کی ایک لازوال داستان ہے” مجتبی شجاع الرحمان

مزید خبریں
لاہور۔25مئی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر ایکسپو سینٹر لاہور میں پنجاب پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے وزیر اعلی پنجاب کی نمائندگی کی جبکہ چینی سفارت خانے کی جانب سے قونصل جنرل سن یان نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دیگر شرکا میں پنجاب کے صوبائی وزرا بلال یاسین،منشا اللہ بٹ،چیرمین پنجاب پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی غزالی سلیم بٹ،ایم ڈی منصور احمد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے چینی اور پاکستانی مہمان شریک تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاک چائنا تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے پچھلے 75 سال کی طرح آ ئند ہ 75 سال میں انہیں مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں جو اب روایتی سفارتکاری سے کہیں آگے بڑھ کر اسٹریٹجک شراکت داری کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ 1951 میں پاکستان نے عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کر کے باہمی اعتماد کے تعلق کی بنیاد رکھی۔ اب تک پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ چائنا کے اعتماد نے پاکستانی معیشت کو نئی طاقت دی ہے۔ سی پیک نے پاکستان کی ترقیاتی سمت یکسر تبدیل کر دی ہے۔ گوادر پورٹ کی ترقی سے لے کر موٹرویز، توانائی اور زراعت کے منصوبوں اور خصوصی اقتصادی زونز تک چین پاکستان کے لیے بہترین شراکت دار رہا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت میں پاک ۔چین تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں پاک چین دوستی خطے میں معاشی استحکام اور خوشحالی کی علامت بن کر ابھر رہی ہے۔ایسے میں وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب چین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پر عزم ہے۔پنجاب ہمیشہ سے چین کو اپنا بہترین ا سٹریٹجک اور ڈویلپمنٹ پارٹنر سمجھتا ہے۔ چین کے ساتھ انفراسٹکچر اورایگریکلچر، سکلز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اشتراک کو آگے بڑھا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاک چائنا تعلقات کی اصل خوبصورتی عوامی روابط ہیں۔ پاکستان کے ہزاروں طالب علم چینی درسگاہوں میں زیر تعلیم ہیں مستقبل میں یہی طالبعلم چین میں پاکستان کے سفیر بنیں گے۔پر امید ہیں کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت، گرین انرجی اور ڈیجیٹل معیشت میں نئی کامیابیاں حاصل گے پاکستان چین کے عالمی امن اور اجتماعی ترقی کے ویژن کی مکمل حمایت کرتا ہے چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا غیر متزلزل ستون ہے۔پاکستانی قوم ہمیشہ اس لازوال دوستی کو محبت اور خلوص کے ساتھ آگے بڑھائے گی۔ چینی قونصل جنرل نے پاک چین دوستی کو خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی سالمیت اور دفاع کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا مقصد پاک چائنا تعلقات کو مزید بہتر بنانا ہے۔ پنجاب میں سی پیک پر قابل ستائش پیش رفت ہوئی۔ پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہے۔صوبے میں ایگری کلچر اور مائننگ کے شعبہ میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔حکومت پنجاب کے اقدامات سے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری آ ئی۔ پر امید ہیں کہ مستقبل میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔تقریب میں مہمانوں کے لیے رنگا رنگ پرفارمسز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا پاکستانی فنکاروں کے ملی نغموں اور چینی آرکسٹرا نے شرکا کو محظوظ کیا۔ آخر میں وزیر خزانہ اور چینی قونصل جنرل نے مننتظمین کو شاندار اور پر رونق تقریب کے اہتمام پرمبارکباد پیش کی اور ان کے اس مثبت اقدام کو سراہا۔








