ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی حج اور یومِ عرفہ کے بابرکت موقع پر عالمِ اسلام، پاکستانی عوام اور حجاجِ کرام کو مبارکباد

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے حج اور یومِ عرفہ کے بابرکت موقع پر عالمِ اسلام، پاکستانی عوام اور حجاجِ کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج ایمان، تقویٰ، صبر، ایثار اور بندگیِ رب کا عظیم درس دیتا ہے۔ یہ مقدس عبادت مسلمانوں کے درمیان اخوت، مساوات اور اتحاد کی روح کو مضبوط بناتی ہے

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے حج اور یومِ عرفہ کے بابرکت موقع پر عالمِ اسلام، پاکستانی عوام اور حجاجِ کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج ایمان، تقویٰ، صبر، ایثار اور بندگیِ رب کا عظیم درس دیتا ہے۔ یہ مقدس عبادت مسلمانوں کے درمیان اخوت، مساوات اور اتحاد کی روح کو مضبوط بناتی ہے اور انسان کو اللہ تعالیٰ کے قریب ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ عرفہ رحمتِ الٰہی، مغفرت اور قبولیتِ دعا کا عظیم دن ہے۔ میدانِ عرفات میں لاکھوں مسلمان ایک ہی لباس میں اللہ تعالیٰ کے حضور حاضر ہو کر عاجزی، انکساری اور عبادت کا جو منظر پیش کرتے ہیں وہ امتِ مسلمہ کی وحدت اور اسلامی بھائی چارے کی روشن مثال ہے۔ اس عظیم اجتماع سے پوری دنیا کو امن، محبت اور انسانیت کا پیغام ملتا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لیے اطاعت، وفاداری اور رضاۓ الٰہی کی علامت ہے۔ حج ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور اعلیٰ انسانی اقدار کے فروغ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ اپنے اندر پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد، برداشت، رواداری اور اتفاق و یگانگت کی اشد ضرورت ہے۔ حج کا عالمگیر پیغام ہمیں نفرتوں اور اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ محبت، احترام اور بھائی چارے کے رشتے کو مضبوط بنانے کی تلقین کرتا ہے۔ سیدال خان نے حجاجِ کرام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام عازمینِ حج کی عبادات، دعاؤں اور قربانیوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے حج کو حجِ مبرور بنائے اور انہیں خیریت و عافیت کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس لوٹائے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے، امتِ مسلمہ کو اتحاد کی نعمت سے سرفراز کرے اور پوری دنیا میں محبت، بھائی چارے اور امن کو فروغ دے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ایک مرتبہ پھر تمام مسلمانوں، پاکستانی قوم اور حجاجِ کرام کو حج اور یومِ عرفہ کی دلی مبارکباد پیش کی۔