یومِ تکبیر،28 مئی 1998ء کو پاکستان نے اپنے مضبوط دفاع اور قومی سلامتی کے غیر متزلزل عزم کا عملی اظہار کیا، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری

یومِ تکبیر،28 مئی 1998ء کو پاکستان نے اپنے مضبوط دفاع اور قومی سلامتی کے غیر متزلزل عزم کا عملی اظہار کیا، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر قومی وقار، خودمختاری اور ناقابلِ تسخیر دفاعی عزم کی علامت ہے،28 مئی 1998ء کو پاکستان نے اپنے مضبوط دفاع اور قومی سلامتی کے غیر متزلزل عزم کا عملی اظہار کیا ۔

وزارت توانائی کی جانب سے یومِ تکبیر پر جاری پیغام میں سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ چاغی کے پہاڑ آج بھی قوم کے اتحاد، حوصلے اور خوددار قیادت کی گواہی دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطے میں امن، توازن اور قومی دفاع کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج، سائنسدانوں اور قومی قیادت نے پاکستان کو ایک مضبوط اور محفوظ ریاست بنایا۔ وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم قومی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں قومی اتحاد، استحکام اور ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بنانے کا پیغام دیتا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آج پوری قوم اپنے سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ایٹمی ریاست ہونے کا ثبوت دیا ہے اور آئندہ بھی دیتا رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یومِ تکبیر صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ قومی خوداعتمادی، دفاعی قوت اور روشن مستقبل کے عزم کی علامت ہے۔