ٹی20 ورلڈ کپ میں دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے اظہارکا بہترین موقع ہے،کپتان فاطمہ ثنا
ٹی20 ورلڈ کپ میں دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے اظہارکا بہترین موقع ہے،کپتان فاطمہ ثنا

مزید خبریں
لاہور۔28مئی (اے پی پی):پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ انگلینڈ میں دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کا ایک اور بہترین موقع ہے۔
ترجمان کے مطابق فاطمہ ثنا نے آئیسی سی کے لئے لکھے گئے کالم میں کہا کہ بڑے ٹورنامنٹس میں شرکت ہر کھلاڑی کا خواب ہوتی ہے کیونکہ ان مقابلوں میں دبائو، جذبات اور یادگار لمحات ایک ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔ فاطمہ ثنا نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلنا اعزاز کی بات ہے اور وہ اپنی ٹیم کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ2024 آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز تھا اور ایک بار پھر ٹیم کی کپتانی کرنا باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے۔ ان کے مطابق منیبہ علی، سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو جیسی کھلاڑیوں نے مسلسل عمدہ کارکردگی دکھائی ہے اور بڑے ٹورنامنٹس کا قیمتی تجربہ رکھتی ہیں۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی تیاری بہت مثبت انداز میں جاری ہے اور تمام کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کی ذمہ داری کو بخوبی سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہارتوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی کیونکہ بڑے مقابلوں میں مضبوط ذہنیت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ فاطمہ ثنا نے کہا کہ ٹیم کے اعتماد، کھیل کی سمجھ بوجھ اور دبائو والے لمحات کو سنبھالنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان کے مطابق ہر سیریز اور بڑے ایونٹ کے ساتھ ٹیم مزید پختہ ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ٹورنامنٹس میں مختلف ثقافتوں اور کھیل کے مختلف انداز دیکھنے کا موقع ملتا ہے جبکہ تجربہ کار کھلاڑیوں سے گفتگو نوجوان کھلاڑیوں کی شخصیت اور قیادت کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے۔
فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ ٹی20 کرکٹ نے عالمی سطح پر ویمنز کرکٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے کیونکہ یہ فارمیٹ کھیل میں زیادہ جوش، تفریح اور توجہ لاتا ہے، جس سے خواتین کرکٹرز کے لیے مزید مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویمنز کرکٹ میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اس کھیل کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے، جس سے کھلاڑیوں کو اعتماد اور بہتر مواقع مل رہے ہیں جبکہ نوجوان لڑکیوں کو بھی یہ احساس ہو رہا ہے کہ خواتین کرکٹ کو اعلی سطح پر اہمیت دی جا رہی۔








