پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز ، پریکٹس سیشنز کے لیے راولپنڈی پولیس کے سخت اور مؤثر سکیورٹی و ٹریفک انتظامات
پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز ، پریکٹس سیشنز کے لیے راولپنڈی پولیس کے سخت اور مؤثر سکیورٹی و ٹریفک انتظامات

مزید خبریں
راولپنڈی۔28مئی (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ سیریز کے سلسلے میں راولپنڈی اسٹیڈیم میں جاری پریکٹس سیشنز کے لیے راولپنڈی پولیس نے سخت اور مؤثر سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کیے ہیں۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایات پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق پریکٹس سیشنز کی سکیورٹی کے لیے 3500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 300 سے زائد ٹریفک افسران مختلف مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔ سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو چیک اور بریف بھی کر رہے ہیں۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم اور اس کے اطراف سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے روف ٹاپس پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے الگ کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہم اور عوامی مقامات پر اضافی نفری تعینات ہے جبکہ بس اڈوں، ہوٹلوں اور دیگر حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن سکواڈ سٹیڈیم کے اطراف مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
سی پی او نے کہا کہ شہریوں اور کرکٹ شائقین کی سہولت کے لیے بہترین ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں اور پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز 2026 کے دوران فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔








