پاکستان اپنی خودمختاری، سالمیت اور قومی وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا،یرسٹر دانیال چوہدری
پاکستان اپنی خودمختاری، سالمیت اور قومی وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا،یرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
راولپنڈی۔28مئی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی قومی تاریخ کا وہ عظیم اور سنہری دن ہے جب قوم نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی جراتمندانہ قیادت میں ایٹمی دھماکے کر کے نہ صرف ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا بلکہ پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سالمیت اور قومی وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں یوم تکبیر کی 28ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق سینیٹر چوہدری تنویر خان، ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ، اسامہ تنویر اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑوں میں گونجنے والی تکبیر نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے اور پاکستان عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن کر ابھرا، جس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی نے نہ صرف دشمن کو واضح اور دوٹوک پیغام دیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور سفارتی حیثیت میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے مزید کہا کہ افواج پاکستان نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت، جرات اور لازوال قربانیوں سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ، مربوط اور مؤثر حکمت عملی کے باعث پاکستان کو سفارتی محاذ پر بھی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔








