کرکٹر سائرہ جبین کی اپنی بھرپور جدوجہد اور سفر کے بارے میں گفتگو

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی سائرہ جبین نے پی سی بی پوڈکاسٹ کے 80 ویں ایڈیشن میں اپنی کرکٹ سے بھرپور جدوجہد اور سفر کے بارے میں گفتگو کی۔

لاہور۔29مئی (اے پی پی):پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی سائرہ جبین نے پی سی بی پوڈکاسٹ کے 80 ویں ایڈیشن میں اپنی کرکٹ سے بھرپور جدوجہد اور سفر کے بارے میں گفتگو کی۔ چترال کی خوبصورت وادی سے تعلق رکھنے والی سائرہ جبین پاکستان ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل ٹیم کی نمائندگی کرنے والی 60 ویں کھلاڑی بنیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ کراچی میں زمبابوے کے خلاف اپنا ڈیبیو کیا تھا اور وہ فاطمہ ثنا کی قیادت میں آئندہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔سائرہ جبین نے پوڈکاسٹ میں بتایا کہ انہوں نے چترال سے پشاور اور پھر لاہور منتقل ہو کر اپنی کرکٹ تربیت جاری رکھی۔ انہوں نے آسٹریلیا میں ایک سیزن کے دوران کلب کرکٹ کھیلنے کے تجربات بھی شیئر کیے۔ سائرہ نے کہا کہ ان کے خاندان خصوصا والد نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی، اگرچہ ان کے والد چاہتے تھے کہ وہ میڈیکل کے شعبے کو بطور پیشہ اختیار کریں۔دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی سائرہ جبین نے زمبابوے کے خلاف ٹی20 سیریز میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے صرف تین میچوں کی دو اننگز میں اپنی بیٹنگ کا لوہا منوایا اور32 گیندوں پر ناقابل شکست50 رنز اسکور کیے، جس میں 8 چوکے شامل تھے۔ اس میچ میں پاکستان نے 223 رنز بنائے تھے۔پوڈکاسٹ میں سائرہ جبین نے خواتین کرکٹ میں کیریئر بنانے، مشکلات کا سامنا کرنے اور پاکستان ٹیم تک پہنچنے کے سفر پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

مزید خبریں