اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان کے خلاف عائد اسلحہ پابندی، سفری پابندیوں اور اثاثے منجمد کرنے سمیت مختلف پابندیوں میں مزید ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔شنہوا کے مطابق سلامتی کونسل نے قرارداد نمبر 2821 کو نو ووٹوں کی حمایت سے منظور کیا، جبکہ چھ ممالک نے رائے شماری میں حصہ لینے سے گریز کیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان پر پابندیاں مزید ایک سال کے لیے بڑھا دیں

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔30مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان کے خلاف عائد اسلحہ پابندی، سفری پابندیوں اور اثاثے منجمد کرنے سمیت مختلف پابندیوں میں مزید ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔شنہوا کے مطابق سلامتی کونسل نے قرارداد نمبر 2821 کو نو ووٹوں کی حمایت سے منظور کیا، جبکہ چھ ممالک نے رائے شماری میں حصہ لینے سے گریز کیا۔ قرارداد کے تحت جنوبی سوڈان پر اسلحہ پابندی 31 مئی 2027 تک برقرار رہے گی، جبکہ ماہرین کے پینل کی مدت بھی یکم جولائی 2027 تک بڑھا دی گئی ہے۔
ووٹنگ کے دوران سلامتی کونسل کے افریقی اراکین جمہوریہ کانگو، لائبیریا اور صومالیہ سمیت چین، پاکستان اور روس نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں گزشتہ سال نافذ کی گئی پابندیوں کو بغیر کسی بنیادی تبدیلی کے برقرار رکھا گیا ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل جنوبی سوڈان کی جانب سے مقررہ اہداف کے حصول میں پیش رفت کی روشنی میں اسلحہ پابندیوں پر نظرثانی، ان میں نرمی یا مرحلہ وار خاتمے پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس مقصد کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے مشن اور ماہرین کے پینل کے ساتھ مشاورت کے بعد 15 اپریل 2027 تک پیش رفت کا جائزہ رپورٹ پیش کریں۔ جنوبی سوڈان کی حکومت کو بھی اسی تاریخ تک پابندیوں کی کمیٹی کو اپنی پیش رفت سے آگاہ کرنا ہوگا۔سلامتی کونسل نے واضح کیا ہے کہ وہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتی رہے گی اور ضرورت پڑنے پر پابندیوں میں ترمیم، معطلی، خاتمہ یا مزید سختی جیسے اقدامات پر غور کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی سوڈان کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیاں پہلی بار مارچ 2015 میں نافذ کی گئی تھیں، جن میں اثاثے منجمد کرنا، سفری پابندیاں اور جامع اسلحہ پابندی شامل ہیں۔








