کینیڈا کے ساتھ تعلقات دوبارہ بحال ہو کر نئی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، چین

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین اور کینیڈا کے تعلقات دوبارہ بحال ہو کر نئی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مکمل طور پر بحال ہو چکا ہے۔

اوٹاوا۔30مئی (اے پی پی):چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین اور کینیڈا کے تعلقات دوبارہ بحال ہو کر نئی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مکمل طور پر بحال ہو چکا ہے۔شنہوا کے مطابق وانگ یی نے یہ بات کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں اپنے کینیڈین ہم منصب انیتا آنند کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کی سٹریٹجک رہنمائی کے تحت مختلف شعبوں میں تبادلے اور تعاون دوبارہ شروع ہو چکے ہیں، جبکہ اقتصادی اور تجارتی معاملات سے متعلق اہم خدشات کو بھی مناسب طریقے سے حل کر لیا گیا ہے۔چینی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک نئی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے وزیراعظم مارک کرنی کے آئندہ دورہ چین اور ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (APEC) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی تیاریوں کو بھی موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم، پائیدار اور متوازن بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔وانگ یی نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں چین اور کینیڈا کے تعلقات میں آنے والے نشیب و فراز سے یہ سبق ملتا ہے کہ دونوں ممالک کو باہمی احترام، اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کے حصول، سٹریٹجک خودمختاری اور باہمی فائدے پر مبنی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چین توانائی، مالیات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شعبوں میں کینیڈا کے ساتھ تعاون مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔اس موقع پر انیتا آنند نے کہا کہ کینیڈا چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ایک چین پالیسی پر مضبوطی سے کاربند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کینیڈا نے 2030 تک چین کو اپنی برآمدات میں 50 فیصد اضافہ کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے چینی اور کینیڈین وزرائے خارجہ کے درمیان سٹریٹجک مکالمے کا نیا نظام قائم کرنے، وزارت خارجہ کی سطح پر سیاسی و سکیورٹی مشاورت دوبارہ شروع کرنے اور قومی سلامتی و قانون کی حکمرانی سے متعلق اعلیٰ سطحی مذاکرات بحال کرنے پر اتفاق کیا۔