خادم الحرمین الشریفین انسٹی ٹیوٹ فار حج اینڈ عمرہ ریسرچ کی مسجد الحرام میں ہجوم کے انتظام اور نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لیے سائنسی تحقیق جاری

خادم الحرمین الشریفین انسٹی ٹیوٹ فار حج اینڈ عمرہ ریسرچ کی مسجد الحرام میں ہجوم کے انتظام اور نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لیے سائنسی تحقیق جاری

ریاض۔31مئی (اے پی پی):سعودی عرب میں قائم خادم الحرمین الشریفین انسٹی ٹیوٹ فار حج اینڈ عمرہ ریسرچ نے مسجد الحرام میں ہجوم کے انتظام اور نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لیے سائنسی تحقیق جاری کی ہے۔العربیہ اردو کے مطابق اس تحقیق کا عنوان ’’بصری رہنمائی اور ہدایت کے نظام کی کارکردگی کا تجزیہ‘‘ ہے، جس کا مقصد زائرین کی نقل و حرکت کو آسان بنانا، ہجوم کے اوقات میں الجھن کو کم کرنا اور مناسک کی ادائیگی کے دوران روانی کو بڑھانا ہے۔انسٹی ٹیوٹ نے تجویز دی ہے کہ دونوں مقدس مساجد (مسجد حرام اور مسجد نبوی) میں سمارٹ اور انٹرایکٹو رہنمائی کے نظام کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ساتھ مربوط کیا جائے۔

اس کے علاوہ رہنمائی کے ڈیزائن اور فعال معیار کو اس طرح تیار کیا جائے کہ وہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی متنوع ثقافتی اور لسانی ضروریات کو پورا کر سکیں۔ تحقیق میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مقامی رہنمائی کے لیے جدید حل نکالے جائیں اور بصری اشاروں، نقشوں اور رنگین کوڈنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔مسجد الحرام میں نصب ڈیجیٹل سکرینیں اور کثیر لسانی سمارٹ بورڈز اب ہجوم کے انتظام کا بنیادی حصہ بن چکے ہیں۔

یہ سسٹمز زائرین کو داخلی راستوں، سہولیات اور راستوں کے بارے میں فوری معلومات فراہم کرتے ہیں، جو دنیا کے سب سے گنجان آباد مقامات میں سے ایک میں نقل و حرکت کو ممکن بناتے ہیں۔سعودی عرب کے روئل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ نے بھی جدید ڈیجیٹل سروسز متعارف کرائی ہیں، جو مکہ کے مختلف شعبوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کرتی ہیں۔ یہ سروس زائرین اور رہائشیوں کے لیے ایک انٹرایکٹو ٹول کے طور پر کام کرتی ہے۔مزید برآں،’’آپ یہاں ہیں‘‘ (You Are Here) کے نام سے خصوصی سائن بورڈز متعارف کرائے گئے ہیں۔

یہ بورڈز زائرین کو اپنی موجودہ پوزیشن جاننے اور منزل تک پہنچنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان بورڈز کا مواد مسجدالحرام میں ہونے والی مسلسل بہتری اور تبدیلیوں کے ساتھ باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے، تاکہ ہجوم کے دوران بھی زائرین کو واضح اور درست معلومات مل سکیں۔یہ سائنسی مطالعہ’’وے فائنڈنگ‘‘ (Wayfinding) کے عالمی معیارات کے مطابق ایک ایسے سمارٹ نظام کی تشکیل کی نوید ہے جو سعودی ویژن 2030 اور ضیوف الرحمٰن پروگرام کے اہداف کے عین مطابق ہے۔ یہ نظام نہ صرف زائرین کے تجربے کو روحانی اور پُر سکون بناتا ہے بلکہ مسجدالحرام میں حفاظتی انتظامات اور نقل و حرکت کی روانی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

مزید خبریں