امریکا، یونائیٹڈ ایئرلائنزکی پرواز کے دوران مبینہ طور پر کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والامسافر گرفتار
امریکا، یونائیٹڈ ایئرلائنزکی پرواز کے دوران مبینہ طور پر کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والامسافر گرفتار

مزید خبریں
واشنگٹن ۔31مئی (اے پی پی):امریکامیں یونائیٹڈ ایئرلائنزکی پرواز کے دوران مبینہ طور پر کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر لینڈ کرنا پڑا۔اردو نیوز کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز‘کی پرواز یو اے 2005 شکاگو کے اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منی ایپولس کے لیے روانہ ہوئی ،دورانِ پرواز ایک مسافر کے جارحانہ رویے کے باعث پرواز کا رُخ تبدیل کر کے طیارے کو وسکونسن کے ڈین کاؤنٹی ریجنل ایئرپورٹ پر اتار دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نامعلوم مسافر نے مبینہ طور پر کاک پٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر طیارے میں موجود عملے اور دیگر افراد کے ساتھ اُس کی ہاتھا پائی بھی ہوئی۔واقعے کے دوران پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو سکواک کوڈ 7500ارسال کیا، جو طیارے کے ممکنہ ہائی جیک ہونے یا ہائی جیکنگ کی کوشش کی نشان دہی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو حراست میں لے لیاہے۔ایئرلائن کے مطابق پرواز میں 147 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے اور خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ مسافر کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق مشتبہ شخص کی گرفتاری کے بعد فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔








