ایمیزون کے 29 انٹرنیٹ سیٹلائٹس کامیابی کے ساتھ زمین کےگرد نچلے مدار میں داخل
ایمیزون کے 29 انٹرنیٹ سیٹلائٹس کامیابی کے ساتھ زمین کےگرد نچلے مدار میں داخل

مزید خبریں
واشنگٹن ۔31مئی (اے پی پی):امریکی کمپنی ایمیزون نے اپنے عالمی سیٹلائٹ انٹرنیٹ نیٹ ورک کے قیام کے منصوبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 29 انٹرنیٹ سیٹلائٹس کامیابی کے ساتھ زمین کےگرد نچلے مدار میں بھیج دیے ہیں۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق سیٹلائٹس کو امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع کیپ کینیورل سپیس فورس سٹیشن سے اٹلس فائیو راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجا گیا۔
آپریٹنگ یونٹ کے مطابق پرواز کے تمام اہم مراحل منصوبے کے مطابق مکمل ہوئے اور مشن کے دوران تمام نظام مستحکم انداز میں کام کرتے رہے۔اپنے مقررہ مدار تک پہنچنے کے بعد سیٹلائٹس کو مختلف مراحل میں الگ کیا گیا۔ مشن کنٹرول سینٹر نے تصدیق کی کہ تمام 29 سیٹلائٹس کامیابی کے ساتھ راکٹ سے الگ ہو کر مدار میں داخل ہو گئے ہیں۔
یہ نئے سیٹلائٹس ایمیزون کے ’’پراجیکٹ کوائپر‘‘ کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دنیا بھر کے صارفین، خصوصاً دور دراز علاقوں اور زمینی مواصلاتی ڈھانچے سے محروم مقامات تک تیز رفتار براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی فراہمی ہے۔ایمیزون کے مطابق پراجیکٹ کوائپر کا ہدف زمین کے گرد نچلے مدار میں کام کرنے والے سیٹلائٹس کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کرنا ہے تاکہ کم تاخیر کے ساتھ تیز رفتار انٹرنیٹ سروس فراہم کی جا سکے۔
29 نئے سیٹلائٹس کی تعیناتی کو پراجیکٹ کوائپر نیٹ ورک کی توسیع کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ایمیزون اپنے عالمی سیٹلائٹ انٹرنیٹ منصوبے کے ہدف کے مزید قریب پہنچ گیا ہے۔








