شنگریلا ڈائیلاگ ، 17 ممالک کا زیرِ سمندر انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے فریم ورک کا آغاز

شنگریلا ڈائیلاگ ، 17 ممالک کا زیرِ سمندر انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے فریم ورک کا آغاز

سنگاپور۔31مئی (اے پی پی):سنگاپور میں منعقدہ شنگریلا ڈائیلاگ کے موقع پر 17 ممالک نے زیرِ سمندر اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے مشترکہ فریم ورک کا آغاز کیا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ان ممالک میں یورپ، مشرق وسطیٰ، اوشیانا اور جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک شامل ہیں جنہوں نے ’’گائیڈنگ پرنسپلز فار انڈر واٹر انفراسٹرکچر ڈیفنس ایکسچینجز‘‘ کے نام سے ایک فریم ورک اپنایا ہے جس کا مقصد ان ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے جو زیرِ سمندر اہم انفراسٹرکچر خصوصاً سب سی ٹیلی کمیونیکیشن کیبلز کے تحفظ میں مشترکہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

سنگاپور کے وزیرِ دفاع چین چون سنگ نے کہا کہ ممالک کو بین الاقوامی اصولوں کے قیام کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ اس اہم انفراسٹرکچر کی تعمیر، دیکھ بھال اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور اسے نقصان پہنچانے والوں کو جوابدہ ٹھہرایا جا سکے۔ اس فریم ورک کی توثیق کرنے والے ممالک میں آسٹریلیا، برونائی، ایسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، اٹلی، لٹویا، لتھوانیا، ملائیشیا، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، فلپائنز، قطر، سنگاپور، سویڈن، تھائی لینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ آج آبی راستے صرف تجارت کے لیے نہیں بلکہ ان کے نیچے موجود بنیادی انفراسٹرکچر توانائی اور ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کو جوڑتا ہے اور اس نظام میں کسی بھی ایک حصے میں خلل پورے نیٹ ورک کو متاثر کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا کوئی بھی واقعہ نہیں چاہیے جو اس اہم انفراسٹرکچر کو متاثر کرے، یہ خوش آئند بات ہے کہ مختلف خطوں کے ممالک ایک ساتھ آ رہے ہیں۔

مزید خبریں