سعودی وزارت حج و عمرہ نے دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج کے لئے وطن واپسی کے سفر کو آسان اور منظم بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
حج عبادات مکمل ،حجاج کرام سفری شیڈول کی پابندی کریں،سعودی وزارت حج و عمرہ

مزید خبریں
مکہ مکرمہ۔1جون (اے پی پی):سعودی وزارت حج و عمرہ نے دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج کے لئے وطن واپسی کے سفر کو آسان اور منظم بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔ ’’ایکس ‘‘ پر آگاہی پیغام میں وزارت حج و عمرہ نے حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ مقررہ سفری شیڈول کے ساتھ ان کا تعاون نقل و حرکت کو موثر بنانے اور سفری طریقہ کار کو انتہائی آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔وزارت نےعازمین کی پرسکون اور باسہولت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ہدایت کی ہے کہ تمام حجاج کرام اپنی متعلقہ حج کمپنی کی جانب سے مقرر کردہ روانگی کے وقت کی سختی سے پابندی کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز کے شیڈول کو متعلقہ ایئرلائن کی موبائل ایپ کے ذریعے براہ راست ٹریک کرتے رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ تبدیلی سے بروقت آگاہ رہیں اور عازمین ہوائی اڈے پر روانگی کے وقت کسی بھی قسم کی تاخیر یا پریشانی سے بچنے کے لیے اپنا سامان اور ضروری سفری دستاویزات روانگی سے ایک دن قبل ہی مکمل طور پر پیک کر لیں۔
وزارت حج و عمرہ نے خاص طور پر بیرونِ ملک سے آنے والے تمام بین الاقوامی حجاج کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو ہر صورت یقینی بنائیں کہ ان کی وطن واپسی ان کے حج ویزا کی میعاد ختم ہونے سے پہلے مکمل ہو جائے۔ مزید برآں، وزارت کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ عازمینِ حج کسی بھی قسم کی مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1966 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس منظم مہم کا بنیادی مقصد حج 1447 ہجری کے کامیاب انعقاد کے بعد تمام حجاج کرام کی ان کے ممالک میں بحفاظت اور بلا تعطل واپسی کو یقینی بنانا ہے۔








