ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پاکستان کا آٹو سیکٹر ترقی، جدت اور سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آ ئی ایف سی) کے قیام کے بعد پاکستان کے آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ کے حوالے سے نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آ ئی ایف سی) کے قیام کے بعد پاکستان کے آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ کے حوالے سے نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری کے نتیجے میں گزشتہ تین برسوں کے دوران متعدد اصلاحاتی اقدامات کیے گئے جنہوں نے اس شعبے کو نئی سمت فراہم کی ہے۔الیکٹرک وہیکل (EV) پالیسی کا اجرا آٹو سیکٹر میں جدت اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔ اس پالیسی کے تحت ماحول دوست ٹرانسپورٹ، جدید ٹیکنالوجی اور مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ایس آئی ایف سی کی معاونت سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے جبکہ پاکستان عالمی آٹو کمپنیوں کے لیے ایک پرکشش سرمایہ کاری مرکز کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

کاروبار دوست پالیسیوں اور سہولت کاری کے باعث عالمی آٹو برانڈز پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری اور سرگرمیوں کو وسعت دے رہے ہیں۔بی وائی ڈی، جی اے سی، چنگان، ڈینزا، اوموڈا اور جیکو سمیت متعدد بین الاقوامی آٹو برانڈز پاکستان میں جدید گاڑیوں اور الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی متعارف کروا رہے ہیں، جس سے ملکی آٹو انڈسٹری میں مسابقت، معیار اور اختراع کو فروغ مل رہا ہے۔لکی موٹر کارپوریشن اور گوانگژو آٹوموبائل گروپ کے درمیان شراکت داری پاکستان کے آٹو سیکٹر پر عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی واضح عکاسی کرتی ہے۔ ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے ذریعے آٹو سیکٹر روایتی مینوفیکچرنگ سے جدید، ماحول دوست اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ موبیلٹی سلوشنز کی جانب گامزن ہے۔

پاکستان کی آٹو انڈسٹری سالانہ پانچ لاکھ یونٹس کی پیداواری صلاحیت رکھتی ہے، جو نہ صرف مقامی ضروریات پوری کرنے بلکہ عالمی منڈیوں میں مسابقت کی بھی بھرپور استعداد رکھتی ہے۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے نئی آٹو پالیسی اور ری فربشمنٹ ایکسپورٹ ماڈل کے تحت پاکستان کو عالمی آٹو ویلیو چین کا مؤثر حصہ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔الیکٹرک گاڑیوں، مقامی پیداوار اور جدید صنعتی ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے پاکستان کی آٹو انڈسٹری ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے، جو صنعتی نمو، روزگار کے مواقع، برآمدات میں اضافے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں