پی ٹی ڈی سی کا پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو فروغ کےلئے نیشنل ٹور گائیڈ ٹریننگ پروگرام 2026 کے آغاز کا اعلان

پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے، تربیت یافتہ ٹور گائیڈز کی کمی کو پورا کرنے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سےمختلف شراکت دار اداروں کےتعاون سے نیشنل ٹور گائیڈ ٹریننگ پروگرام 2026 کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے، تربیت یافتہ ٹور گائیڈز کی کمی کو پورا کرنے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سےمختلف شراکت دار اداروں کےتعاون سے نیشنل ٹور گائیڈ ٹریننگ پروگرام 2026 کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔پی ٹی ڈی سی کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ یہ پروگرام ڈیپارٹمنٹ آف ٹوریسٹ سروسز (ڈی ٹی ایس)، سسٹین ایبل ٹورازم فاؤنڈیشن پاکستان، الپائن کلب آف پاکستان، کالج آف ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی مینجمنٹ (کوتھم) اور پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل یہ جامع تربیتی پروگرام 13 سے 26 جون 2026 تک اسلام آباد میں منعقد ہوگاجس میں ملک بھر سے مرد و خواتین امیدوار شرکت کر سکیں گے۔پروگرام کا مقصد شرکاء کو سیاحت، رہنمائی، مہمان نوازی، ثقافتی ورثے کے تعارف، سیاحوں سے مؤثر رابطے اور عملی میدان میں درکار مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ پیشہ ور ٹور گائیڈ کے طور پر خدمات انجام دے سکیں۔تربیتی پروگرام کے لیے فی امیدوار 15 ہزار روپے سبسڈی شدہ فیس مقرر کی گئی ہے جس میں تربیتی مواد، سرٹیفکیٹ، اسٹیشنری اور عملی فیلڈ ٹرپس کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت شامل ہوگی، کم آمدنی والے مستحق امیدواروں کوخصوصی درخواست پر جزوی وظائف بھی فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

پی ٹی ڈی سی اور شراکت دار اداروں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ امکانات موجود ہیں اور تربیت یافتہ ٹور گائیڈز ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعےنوجوانوں کو نہ صرف پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل ہوں گی بلکہ انہیں سیاحت کی صنعت میں باعزت روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔پروگرام میں شرکت کے خواہش مند امیدوار 8 جون تک آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔منتظمین نے نوجوانوں کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتےہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی سیاحت سے وابستہ دلچسپی کو ایک کامیاب پیشہ ورانہ کیریئر میں تبدیل کریں اور پاکستان کے سیاحتی تشخص کے سفیر بنیں۔

مزید خبریں