پہلی حج پرواز163 حجاج کرام کو لے کرفیصل آباد ایئرپورٹ پر پہنچ گئی،بلال بدر چوہدری کا شاندار استقبال

پہلی حج پرواز163 حجاج کرام کو لے کرفیصل آباد ایئرپورٹ پر پہنچ گئی،بلال بدر چوہدری کا شاندار استقبال

فیصل آباد۔ 01 جون (اے پی پی):پہلی حج پرواز163 حجاج کرام کو لے کرفیصل آباد ایئرپورٹ پر پہنچ گئی۔ عقیدت و مسرت کے ماحول میں ایم این اے بلال بدر چوہدری نے حجاج کرام کا شاندار استقبال کیا۔ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پیر کو اْس وقت روح پرور مناظر کا مرکز بن گیا جب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پہلی حج فلائٹPK-840 جدہ سے 163 حجاج کرام کو لے کر وطن واپس پہنچی۔

ایئرپورٹ پر عزیز و اقارب کی بیتاب نگاہوں، دعاؤں اور پرتپاک استقبال نے ماحول کو جذبات، عقیدت اور خوشی سے بھر دیا جبکہ وطن واپس لوٹنے والے حجاج کرام نے حج بیت اللہ کی سعادت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور کے انتظامات کو غیر معمولی طور پر مؤثر اور مثالی قرار دیا۔

پی آئی اے کی پہلی حج پرواز کے فیصل آباد پہنچنے پر رکن قومی اسمبلی بلال بدر چوہدری نے حجاج کرام کا شاندار استقبال کیا اور انہیں فریضہ حج کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر میڈیم تسنیم اختر جمیل، پی آئی اے سٹیشن منیجر عرفان محمود، وزارت مذہبی امور حاجی کیمپ لاہور کے نمائندہ حاجی آصف نور الحق سمیت دیگر متعلقہ افسران اور انتظامیہ بھی موجود تھی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی بلال بدر چوہدری نے کہا کہ رواں سال حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے حجاج کرام کے لیے کیے گئے انتظامات قابل تحسین ہیں جن کی بدولت عازمین حج کو دوران حج سہولت، تحفظ اور رہنمائی کے بہترین مواقع میسر آئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے حجاج کرام کی رہائش، ٹرانسپورٹ، کھانے پینے اور دیگر بنیادی ضروریات کے حوالے سے مؤثر اور مربوط انتظامات یقینی بنائے جس کے مثبت اثرات ہر حاجی نے محسوس کیے۔

انہوں نے کہا کہ حاجی اللہ تعالیٰ کے مہمان ہوتے ہیں اور ان کی خدمت کرنا حکومت پاکستان کے لیے باعث سعادت اور اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مستقبل میں بھی حجاج کرام کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین اس مقدس سفر کو آسانی اور اطمینان کے ساتھ مکمل کر سکیں۔

وطن واپس آنے والے حجاج کرام نے بھی فیصل آباد ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال پر خوشی اور تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور نے رواں سال حج کے دوران بہترین انتظامات فراہم کیے جس کے باعث عبادات کی ادائیگی میں بھرپور سہولت اور ذہنی آسودگی حاصل رہی۔

حجاج کرام نے بتایا کہ رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور رہنمائی کے انتظامات انتہائی تسلی بخش رہے اور ہر مرحلے پر معاونت فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حج مشن کے افسران اور عملے نے نہایت خلوص، ذمہ داری اور محنت کے ساتھ فرائض انجام دیے جس پر وہ دل کی گہرائی سے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال حج انتظامات ماضی کے مقابلے میں زیادہ منظم، مربوط اور مؤثر دکھائی دئیے جس سے انہیں کسی بڑی دشواری یا پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ حجاج کرام نے حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ برسوں میں بھی اسی جذبے، لگن اور بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ عازمین حج کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ حجاج کرام نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حکومت پاکستان، وزارت مذہبی امور، پاکستانی حج مشن اور حج انتظامات میں شریک تمام افسران و اہلکاروں کی خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمائے اور وطن عزیز کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔