بھارتی ریاست پنجاب میں ہینڈ ٹولز بنانے والی فیکٹری میں زہریلی گیس کے اخراج کے باعث 3 افراد ہلاک اور متعدد متاثر ہو گئے۔
بھارت ، فیکٹری میں زہریلی گیس کے اخراج سے 3 افراد ہلاک، متعدد متاثر

مزید خبریں
نئی دہلی۔1جون (اے پی پی):بھارتی ریاست پنجاب میں ہینڈ ٹولز بنانے والی فیکٹری میں زہریلی گیس کے اخراج کے باعث 3 افراد ہلاک اور متعدد متاثر ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ لدھیانہ کے صنعتی علاقے میں پیش آیا، جو ریاستی دارالحکومت چندی گڑھ سے تقریباً 105 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ فیکٹری کے انڈسٹریل ایریا اے میں ایک ٹینک کی صفائی کا کام جاری تھا کہ اس دوران اچانک زہریلی گیس کا اخراج شروع ہو گیا اور چند ہی منٹوں میں گیس پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔ گیس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اندر موجود مزدوروں کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔ کئی افراد دم گھٹنے اور آنکھوں میں شدید جلن کے باعث موقع پر ہی بے ہوش ہو گئے جبکہ دیگر کارکنوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ حادثے میں فیکٹری کے مالک، اس کے بیٹے اور ایک مزدور سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ2 ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس، فائر بریگیڈ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور محکمہ صحت کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام نے گیس کے اخراج کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔








