نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی کفایت شعاری کے اقدامات کی نگرانی اور عملدرآمد کے لئے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت

نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی کفایت شعاری کے اقدامات کی نگرانی اور عملدرآمد کے لئے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ میں کفایت شعاری کے اقدامات کی نگرانی اور عملدرآمد کے لئے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔منگل کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے جاری کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا اور بازاروں کی بندش کے اوقات، دن کے دورانیے میں اضافے اور گرمیوں کے زیادہ درجہ حرارت کو مدنظر رکھتے ہوئے دکانوں اور کاروباری مراکز کی بندش کے اوقات میں توسیع کا فیصلہ کیا۔تفصیلات کے مطابق کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور عمومی ریٹیل کاروبار رات 9:00 بجے تک کھلے رہیں گے۔ ریسٹورنٹس، کیفے اور کھانے پینے کے مراکز: رات 11:00 بجے تک کھلے رہیں گے ۔

ٹیک اوے اور ڈیلیوری سروسز اس سے مستثنیٰ ہوں گی۔ شادی ہالز اور تقریبات کے مقامات رات 10:00 بجے تک ہوں گے ان کے اوقات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ضروری خدمات فارمیسیز، ہسپتال، پٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق خدمات مستثنیٰ ہوں گی۔ کمیٹی نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکام کے تعاون سے ان ہدایات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ کمیٹی نے ایجنڈے میں شامل دیگر معاملات اور کیسز پر بھی غور کیا اور انہیں منظور کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء برائے پیٹرولیم، موسمیاتی تبدیلی، اطلاعات، اور آئی ٹی و ٹیلی کام؛ وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے خزانہ، نائب وزیراعظم کے معاونِ خصوصی، سیکرٹریز تجارت، کابینہ، پیٹرولیم، اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشنز سمیت صوبائی حکومتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔