سعودی عرب کی امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو ڈولپمنٹ اتھارٹی نے شہد کی مکھیاں پالنے کے پانچویں سیزن کے ایک حصے کے طور پر پرمٹ کےلیے درخواستیں طلب کر لیں۔
سعودی ریزرو میں شہد کی مکھیاں پالنے کے پرمٹ کے لیے درخواستیں طلب
ریاض۔4جون (اے پی پی):سعودی عرب کی امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو ڈولپمنٹ اتھارٹی نے شہد کی مکھیاں پالنے کے پانچویں سیزن کے ایک حصے کے طور پر پرمٹ کےلیے درخواستیں طلب کر لیں۔ اردو نیوز کے مطابق اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ درخواستیں اتھارٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہیں، جو ریزرو کے اندر شہد کی مکھیاں پالنے کو منظم کرنے اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال کو فروغ دینے کی جاری کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ الطلح ( ببول کے درخت) سیزن شہد کی مکھیاں پالنے والوں کے لیے سب سے اہم سیزن میں سے ایک ہے، الطلح، ایک مقامی ببول کی نسل کے درخت ہیں جو شہد کی مکھیوں کو بھرپور رس فراہم کرتے ہیں۔ یہ اعلی معیار کے قدرتی شہد کی پیداوار میں مدد دیتا ہے۔ سیزن یکم ستمبر تک جاری رہے گا۔
گزشتہ ماہ کنگ عبدالعزیز رائل ریزور اتھارٹی نے شہد کی مکھیوں کی افزائش کے سیزن 2026 کا آغاز کیا تھا، جو اس شعبے کی حمایت اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ سیزن کے دوران شہد کی صنعت سے وابستہ افراد کو قدرتی مقامات پر مکھیاں پالنے کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ یہ سیزن 30 نومبر تک جاری رہے گا۔ ریزور میں 134 مقامات شہد کی مکھیوں کو پالنے والوں کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ شہد کی مکھیاں پالنے والوں کو ریزرو کے بھر پور قدرتی وسائل تک رسائی فراہم کرکے معاونت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریزور میں منتخب مقامات پر ماحولیاتی سٹڈی کی گئی ہے تاکہ نباتات کے پائیدار رہنے، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور بہترین پیداواری صلاحیت کو یقینی بنایا جا سکے۔









