اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے آسٹریا، کرغزستان، پرتگال، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور زمبابوے کو 2 سالہ مدت کے لئے سلامتی کونسل کے غیر مستقل اراکین منتخب کر لیا،جس میں کرغزستان کا انتخاب پہلی بار ہوا ہے
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ غیر مستقل اراکین کا انتخاب، کرغزستان، پرتگال، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور زمبابوے آئندہ سال یکم جنوری سے خدمات انجام دیں گے
اقوام متحدہ۔4جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے آسٹریا، کرغزستان، پرتگال، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور زمبابوے کو 2 سالہ مدت کے لئے سلامتی کونسل کے غیر مستقل اراکین منتخب کر لیا،جس میں کرغزستان کا انتخاب پہلی بار ہوا ہے ۔ نئے منتخب ہونے والے 5 غیر مستقل اراکین یکم جنوری 2027 سے خدمات انجام دیں گے۔ایشیا بحرالکاہل گروپ کی نشست کے لیے کرغزستان اور فلپائن کے درمیان مقابلہ ہوا جو ووٹنگ کے چار ادوار تک جاری رہا جس کے بعد بالآخر کرغزستان نے مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل کرتے ہوئے 142 ووٹ سے منتخب ہواجبکہ فلپائن کو 49 ووٹ ملے۔ اس کامیابی کے ساتھ کرغزستان پہلی بار سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہوا۔ وہ پاکستان کی جگہ لے گا، جس کی دو سالہ مدت دسمبر 2026 میں ختم ہو رہی ہے۔ مغربی یورپی اور دیگر ممالک کے گروپ کی دو نشستوں کے لیے ہونے والے مقابلے میں جرمنی جس نے بھرپور مہم چلائی تھی، تیسرے نمبر پر رہا۔
پرتگال کو 134، آسٹریا کو 131 اور جرمنی کو 104 ووٹ ملے۔ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اور ویٹو اختیار رکھنے والے ارکان برطانیہ، چین، فرانس، روس اور امریکا ہیں۔ رواں سال ایک رکن افریقی گروپ، ایک لاطینی امریکی و کیریبین گروپ، ایک ایشیا-بحرالکاہل گروپ اور دو مغربی یورپی و دیگر ممالک کے گروپ سے منتخب کیے گئے۔ نئے منتخب ہونے والے ممالک میں زمبابوے، صومالیہ کی جگہ لے گا۔ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو،پاناما کی جگہ لے گا۔ پرتگال اور آسٹریا بالترتیب ڈنمارک اور یونان کی جگہ سنبھالیں گے۔ اس کے علاوہ بحرین ، کولمبیا، جمہوریہ کانگو ، لٹویا اور لائبیریا 2027 کے اختتام تک سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان کے طور پر اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔









