غزہ شہر کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 9 فلسطینی شہید
غزہ شہر کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 9 فلسطینی شہید

مزید خبریں
غزہ۔4جون (اے پی پی):غزہ شہر کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 9 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شنہوا کے مطابق الشفا میڈیکل کمپلیکس کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ حملوں میں 9 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے لاپتا افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود باسل نے کہا کہ امدادی ٹیمیں جمعرات کی علی الصبح سے مختلف متاثرہ مقامات پر کارروائیاں کر رہی ہیں جبکہ ملبے سے کئی نعشوں اور زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے جبکہ کچھ افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیع پیمانے پر تباہی، ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کی شدید کمی اور ایندھن کی قلت کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے شمالی اور مغربی محلوں میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا، جن میں اپارٹمنٹس اور رہائشی عمارتیں شامل تھیں۔ دوسری جانب مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے شمالی اور جنوبی حصوں میں عمارتوں اور تنصیبات کو مسمار کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں مشرقی علاقوں میں 10 عمارتوں اور تنصیبات کو منہدم کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں توپ خانے کی گولہ باری اور فائرنگ کے ساتھ کی گئیں۔ عینی شاہدین نے غزہ شہر کے مشرقی محلوں میں بھی دو الگ عمارتوں کو مسمار کیے جانے کی اطلاع دی ہے۔








