قصور ، قصور میں نئے سوشل سکیورٹی ہسپتال کی تعمیر سے محنت کشوں کو ایک چھت تلے تمام طبی سہولیات میسر ہونگی، صوبائی وزیر لیبر

صوبائی وزیر لیبر محمد منشاءاللہ بٹ نے زیر تعمیر سوشل سکیورٹی ہسپتال قصور کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا

قصور۔ 04 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر لیبر محمد منشاءاللہ بٹ نے زیر تعمیر سوشل سکیورٹی ہسپتال قصور کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا ،جہاں متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو تعمیراتی کاموں بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے زیر تعمیر عمارت کے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مٹیریل اور کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر لیبر نے نئی تعمیر شدہ ڈائریکٹوریٹ آف سوشل سکیورٹی کی بلڈنگ میں قائم ہسپتال کا بھی معائنہ کیا جہاں ایم ایس سوشل سکیورٹی ہسپتال عدنان محمود مرزا نے صوبائی وزیر کو ہسپتال کی کارکردگی اور زیر تعمیر منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، شعبہ جات اور طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہدایات دیں کہ ہسپتال میں مریضوں کو معیاری ادویات اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر صوبائی وزیر لیبر محمد منشاءاللہ بٹ نے حاضرین سے گفتگو میں کہا کہ قصور میں نئے سوشل سکیورٹی ہسپتال کی تعمیر سے محنت کشوں کو ایک چھت تلے تمام طبی سہولیات میسر ہونگی۔صوبائی وزیر نے ہسپتال کیلئے نئی ایمبولینس کی فوری فراہمی کے لیے متعلقہ حکام کو اقدامات کے لیے ہدایات کر د صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں محنت کشوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔عوامی فلاح کے منصوبوں کی شفاف اور تیز رفتار تکمیل وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کا بنیادی حصہ ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سوشل سکیورٹی میں صحت کے شعبے میں انقلابی اصلاحات کی جا رہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے علاج و معالجہ کے معاملات میں کسی بھی قسم کی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر لیبر محمد منشاءاللہ بٹ نے ڈائریکٹوریٹ آف پنجاب سوشل سکیورٹی اور دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر قصور کا اچانک دورہ کیا جہاں صوبائی وزیر نے عملہ کا حاضری ریکارڈ اور دفتری نظم وضبط کا معائنہ کیا۔صوبائی وزیر نے غیر حاضر عملہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسلسل غیر حاضری پر لیبر آفیسر سمیت لیبر انسپکٹر کو معطل کرنے اور محکمانہ انکوائری کرنے کا حکم دے دیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے دفتر کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اورافسران اور دیگر عملہ کو دفتر میں بروقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی

مزید خبریں