کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن بھر کے منتخب 35 دیہاتوں کی اپ گریڈیشن اور میونسپل سہولیات کی فراہمی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر بہاول پور کی زیر صدارت مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

مزید خبریں
بہاولپور۔ 04 جون (اے پی پی):کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن بھر کے منتخب 35 دیہاتوں کی اپ گریڈیشن اور میونسپل سہولیات کی فراہمی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی خالد محمود ججہ، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر نیئر مصطفی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خورشید احمد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عصمت اللہ، ڈویژنل کوآرڈینیٹر مثالی گاؤں پروگرام توصیف انور سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے، جبکہ بہاول پور ڈویژن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق مثالی گاؤں پروگرام کا مقصد دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت دیہات میں واٹر سپلائی، سینیٹیشن، سٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی بہتری اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ دیہی آبادی کو شہری طرز کی جدید سہولیات میسر آسکیں۔کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب دیہی ترقی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے اور مثالی گاؤں پروگرام اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔اجلاس کے دوران متعدد دیہاتوں میں پارکس اور پلے گراؤنڈز کے قیام کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ اس موقع پر کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دیہی علاقوں میں پارکس اور کھیلوں کے میدان نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں بلکہ مقامی کھیلوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں پارکس تعمیر کیے جائیں وہاں پائیدار اور مؤثر ماڈل اختیار کیا جائے تاکہ ان سہولیات سے زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہو سکیں۔ کمشنر بہاولپور نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ وزٹس میں اضافہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی مسلسل نگرانی سے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کنسلٹنٹس کو بھی ہدایت کی کہ وہ منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق کام کریں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر گاؤں کی مرکزی گلی میں ٹف ٹائلز اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب مقررہ ڈیزائن کے مطابق کی جائے جبکہ ہر منصوبے کی تفصیلات، کام کی لمبائی، نصب کی جانے والی لائٹس اور دیگر سہولیات کی واضح منصوبہ بندی بھی مرتب کی جائے تاکہ ترقیاتی کاموں میں یکسانیت اور معیار برقرار رکھا جا سکے۔اجلاس میں پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کی جانب سے مثالی گاؤں پروگرام کے تحت بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈویژنل کوآرڈینیٹر مثالی گاؤں پروگرام توصیف انور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے ایک سال کی مدت مقرر کی گئی ہے اور مختلف دیہاتوں میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مثالی گاؤں پروگرام کے تحت تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں گے تاکہ دیہی آبادی کو بہتر طرزِ زندگی اور جدید بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








