موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اقدامات انسانیت کے تحفظ کی جدوجہد ہے ، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے جدوجہد درحقیقت انسانیت کے تحفظ کی جدوجہد ہے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے مشترکہ عالمی اقدام ناگزیر ہیں۔

کراچی / اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے جدوجہد درحقیقت انسانیت کے تحفظ کی جدوجہد ہے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے مشترکہ عالمی اقدام ناگزیر ہیں۔ جمعرات کو میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں مزیدکہا کہ بار بار آنے والے سیلاب، خشک سالی، شدید گرمی کی لہریں، پانی کی قلت اور ماحولیاتی تباہی اس تلخ حقیقت کی یاد دہانی ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی اب مستقبل کا خطرہ نہیں بلکہ آج لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو متاثر کرنے والی حقیقت بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے شمار خاندانوں کے لئے موسمیاتی تبدیلی کوئی بحث یا پیش گوئی نہیں رہی بلکہ اُن کیلئے گھر، روزگار، فصل اور کئی صورتوں میں اپنے پیاروں سے محرومی کا نام ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں انتہائی معمولی حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کلائمنٹ جسٹس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی ناانصافی ہے کہ وہ ممالک جو اس بحران کے ذمہ دار نہیں ہیں، اس کے سب سے سنگین نتائج بھگتنے پر مجبور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگ ترقی یافتہ ممالک کے کاربن اخراج کے باعث اپنی جانوں، روزگار اور مستقبل کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا وژن سماجی انصاف، پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان گہرے تعلق کو تسلیم کرتا تھا۔ انہوں نے موسمیاتی مزاحمت، قابلِ تجدید توانائی، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لئے پیپلز پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ کرہِ ارض آنے والی نسلوں کے لئے ہمارے پاس ایک امانت ہے۔ آئیے ایسا مستقبل تعمیر کریں جو غفلت اور ماحولیاتی تباہی نہیں بلکہ امید، پائیداری، انصاف اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار ہو۔

 

مزید خبریں