کابینہ امن کمیٹی کا اجلاس،خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال اکبر خان، صہیب بھرتھ اور چوہدری شافع حسین کی شرکت

پنجاب سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 54 واں اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، کو چیئرمین بلال یاسین، صوبائی وزرا مجتبی شجاع الرحمن، بلال اکبر خان، صہیب احمد بھرتھ اور چوہدری شافع حسین نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

لاہور۔4جون (اے پی پی):پنجاب سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 54 واں اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، کو چیئرمین بلال یاسین، صوبائی وزرا مجتبی شجاع الرحمن، بلال اکبر خان، صہیب احمد بھرتھ اور چوہدری شافع حسین نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو محرم الحرام کے حوالے سے تمام انتظامات اور حکومتی ہدایات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں محرم الحرام سے قبل صوبہ بھر کی امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی اپ گریڈ کرنے سمیت سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر گزشتہ دو برسوں سے محرم الحرام کے دوران زائرین کیلئے ٹھنڈے پانی، شربت کی سبیلوں اور لنگر جیسے مثالی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے محرم الحرام کیلئے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات مکمل کیے ہیں اور محکمہ داخلہ کی جاری کردہ سکیورٹی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے علما کرام کے امن وفود یکم جون سے پنجاب بھر کے دورے کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر و کو چیئرمین کابینہ کمیٹی بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب بھر میں صرف لائسنس یافتہ اور روایتی جلوس و مجالس کی اجازت دی جائے گی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خود مختلف اضلاع کا دورہ کرکے انتظامات کا حتمی جائزہ لے گی۔ صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تحصیل کی سطح تک امن کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے اور علما کرام و آئمہ مساجد کے ساتھ موثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔ صوبائی وزیر صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل زیادہ سے زیادہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کی جائے تاکہ عزاداروں اور جلوسوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما کرام اتحاد بین المسلمین کیلئے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر مجتبی شجاع الرحمن نے تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز کو محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کرنے کی ہدایت دی تاکہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے لاڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے پر زور دیتے ہوئے قانون پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی کے ضلعی دوروں سے قبل تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ایس او پیز سے متعلق موثر عوامی آگاہی مہم چلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ جلوس و مجالس کے منتظمین پبلک سیفٹی ایپ کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں رہیں جبکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور اشتعال انگیز مواد کی روک تھام کیلئے سائبر پٹرولنگ سیل مکمل طور پر فعال ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد اور سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار نے بھی شرکت کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی و سپیشل برانچ نے اجلاس کو سکیورٹی صورتحال اور انتظامات بارے بریفنگ دی۔ پنجاب بھر سے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

 

مزید خبریں