سعودی عرب ، کویت،مصر اور بحرین کے وزرائے خارجہ کے باہمی رابطے ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

سعودی عرب ، کویت،مصر اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر گفتگو میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ریاض ۔5جون (اے پی پی):سعودی عرب ، کویت،مصر اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر گفتگو میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ان کے مصر ی ہم منصب ڈاکٹر بدر عبد العاطی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔دونوں راہنمائوں کی گفتگو میں خطے کی حالیہ صورتحال، اس حوالے سے ہم آہنگی اور مشاورت کے تسلسل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔علاوہ ازیں شہزادہ فیصل بن فرحان سے کویتی وزیر خارجہ نے بھی رابطہ کیا اور علاقائی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بات کی گئی۔قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے بحرینی ہم منصب عبد اللطیف بن راشد الزیابی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں بحرین میں ہونے والے حملوں کی مذمت کی ہے۔انہوں نے مملکت کی جانب سے بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی سنگین صورتحال، علاقائی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔