سعودی عرب اور عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں بنیادی صحت کے مراکز اور ہسپتالوں میں غذائی خدمات کو مستحکم کرنے کے لیےمشترکہ ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کیے ہیں،یہ پروگرام غزہ میں فلسطینی عوام کی امداد کے لیے سعودی عوامی مہم کا حصہ ہے
سعودی عرب و ڈبلیو ایچ او کے غزہ کے صحت مراکز اور ہسپتالوں میں غذائی خدمات مستحکم کرنے کے پروگرام پر دستخط
ریاض ۔5جون (اے پی پی):سعودی عرب اور عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں بنیادی صحت کے مراکز اور ہسپتالوں میں غذائی خدمات کو مستحکم کرنے کے لیےمشترکہ ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کیے ہیں،یہ پروگرام غزہ میں فلسطینی عوام کی امداد کے لیے سعودی عوامی مہم کا حصہ ہے، اس سے لگ بھگ دو لاکھ 58 ہزار 223 افراد براہ راست اور 11 لاکھ 72 ہزار 467 افراد بالواسطہ فائدہ اٹھائیں گے۔العربیہ کے مطابق یہ پروگرام شدید غذائی قلت کے معاملات خاص طور پر طبی پیچیدگیوں کے شکار مریضوں کے لیے غذائی علاج کی فراہمی اور دستیابی کے ذریعے صحت اور غذائیت کی صورتحال کو بہتر بنائے گا، شدید غذائی قلت کے علاج کے لیے ایک مکمل طبی کٹ خرید کر تقسیم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی میں صحت کی مختلف سہولیات کو ضروری طبی سامان، غذائی سپلیمنٹس، وٹامنز، معدنیات، خصوصی غذائی مرکبات اور ورید کے ذریعے دی جانے والی غذا کے محلول فراہم کیے جائیں گے۔یہ پروگرام ان انسانی اور امدادی منصوبوں کے سلسلے کا حصہ ہے جو مملکت اپنے شاہ سلمان امدادی مرکز کے ذریعے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے فلسطین میں صحت کے شعبے کی ترقی اور فلسطینی عوام کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے پیش کر رہی ہے۔اسی دوران شاہ سلمان امدادی اور انسانی خدمات مرکز کا مرکزی باورچی خانہ غزہ میں گرم کھانوں کی تقسیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے،یہ تقسیم بھی غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کی امداد کے لیے سعودی مہم کا حصہ ہے۔









